اسلام آباد: عمران خان لندن میں پانچ روزہ قیام کے دوران پارٹی رہنماؤں سے ملاقاتیں بھی کریں گے۔
پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان بینظیرانٹرنیشنل ایئرپورٹ سے قومی ایئرلائن کی پرواز پی کے 785 کے ذریعے لندن کیلئے روانہ ہوگئے۔ عمران خان کے صاحبزادے سلمان خان اور قاسم خان بھی ان کے ہمراہ روانہ ہوئے، دونوں بھائی اپنے والد سے عید ملنے پاکستان آئے تھے۔ تحریک انصاف کے رہنما عثمان ڈار بھی ان کے ہمراہ ہیں۔
تفصیلات کے مطابق عمران خان لندن میں پانچ روز قیام کریں گے، اس دوران وہ پارٹی رہنماؤں سے ملاقاتیں بھی کریں گے۔ پی ٹی آئی چیئرمین 14ستمبر کو پاکستان واپس آئیں گے۔
گزشتہ شب لاہور میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئےعمران خان کا کہنا تھا کہ میں کمزور طبقے کو پیغام دینے آیا ہوں کہ جب سے پاکستان بنا یہاں طاقتور ہمیشہ جیتے، یہاں کی عدالتوں سے کبھی کمزور عوام کو انصاف نہیں ملا، پاکستان میں طاقتور کبھی نہیں پکڑا گیا لیکن ایک طاقتور کا احتساب کرنے پر سپریم کورٹ کا شکریہ ادا کرتے ہیں۔
انہوں نے کہا 17 ستمبر کو لاہور کے حلقہ این اے 120 میں ہونے والے انتخابات عام نہیں کیونکہ اس کے نتائج سے ہی پاکستان کے مستقبل کا فیصلہ ہونا ہے۔ اس الیکشن میں پاکستان کا راستہ بدلے گا۔ آپ ووٹ دے کر سپریم کورٹ کے ججوں کا شکریہ ادا کریں۔ آپ کا ووٹ ججز صاحبان کو حوصلہ اور طاقت دے گا۔
عمران خان کا کہنا تھا کہ شیر کو ووٹ ڈالنے والے کان کھول کر میری بات سن لیں، اس شخص کو ووٹ ڈالیں گے جس کو سپریم کورٹ نے ایک سال مہلت دی لیکن انہوں نے جو جواب دیئے وہ جھوٹ تھے۔ اب سوا سال بعد سپریم کورٹ نے فیصلہ دیا ہے تو نواز شریف کہہ رہے ہیں کہ مجھے کیوں نکالا؟ ان کا کہنا تھا کہ چوری چھپانے کیلئے کرپٹ لوگوں کو بٹھایا جائے تو ملک ادارے تباہ ہوتے ہیں۔
جب ملک کا وزیر اعظم چوری کرتا ہے تو اداروں کو تباہ کر کے ڈاکا ڈالتا ہے۔ عمران خان نے کہا کہ جیلوں میں چھوٹے چوروں نے وہ ظلم نہیں کیا جو بڑے ڈاکو نے کیا۔ تمام جیلوں میں بند چوروں کی چوری، نواز شریف کی ایک چوری کے برابر ہے۔ شیر کو ووٹ ڈالنا ہے تو چھوٹے چوروں کو نکالنے کا بھی کہو۔