برمنگھم (ایس ایم عرفان طاہر سے) معروف سیاسی و سماجی خاتون چیئرپرسن بنات المسلمین برطانیہ مسز سمیرا فرخ چیف ایگزیکٹو آفیسر نور ٹی وی برطانیہ مقرر تفصیلات کے مطابق شعبہ صحافت اور سیاسی و سماجی سرگرمیوں میں انتہا ئی متحرک اور فعال کردار ادا کرنے والی پاکستانی نثراد برطانوی خاتون مسز سمیرا فرخ چیئرمین بنات المسلمین برطانیہ کو چیئر مین محی الدین ٹرسٹ و نور ٹی وی برطانیہ و سجا دہ نشین نیریاں شریف آزادکشمیر شیخ العالم پیر محمد علا ئو الدین صدیقی نقشبندی نے برطانیہ کے مشہور میڈیا چینل نور ٹی وی Sky 812 کا چیف ایگزیکٹو آفیسر مقرر کر دیا ہے۔
یاد رہے کہ یہ انٹرنیشنل میڈیا چینل دنیا بھر میں حق و باطل کی تفریق ،فرقہ واریت ،بد امنی ، دہشتگردی و انتہا پسندی کے خاتمہ اور تبلیغ اسلام کے حوالہ سے بے مثال خدمات سرانجام دے رہا ہے ۔ برطانیہ سمیت مختلف ممالک میں مسلم کمیونٹی کے شب و روز اور انکے نظریات کی بقاء اور سلامتی کے لیے مصروف عمل یہ میڈیا چینل ہر خاص و عام کے جذبات و خیالات اور احساسات کی عکاسی کرتا ہو ا ہمہ وقت دکھائی دیتا ہے۔
برطانوی و پاکستانی کمیونٹی نے مسز سمیرا فرخ کا بطور چیف ایگزیکٹو آفیسر نور ٹی وی خوش آئند اقدام قراردیا ہے ۔ اس موقع پر مسز سمیرا فرخ کا کہنا تھا کہ بلا شبہ میڈیا گلوبل نیٹ ورک میں ایک بہت زیادہ طاقتور مقام حاصل کرچکا ہے ۔ انہو ں نے کہاکہ معاشرے کی اصلاح اور بہتر اقدامات کی تشہیر و تطہیر کے لیے یہ ایک اہم ہتھیار ثابت ہوسکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ سامعین و ناظرین کی مثبت ذہنی تفریح اور توقعات کو مد نظر رکھتے ہو ئے نو ر ٹی وی برطانیہ بہتر پروگرامات کا جلد آغاز کرے گا با الخصوص برطانوی مسلم اور باالعموم پاکستانی و کشمیری کمیونٹی اپنی اس بین الاقوامی آواز بننے والے میڈیا چینل کی مزید بہتری اور ترقی کے لیے ہمیں اپنی تجاویز اورمفید مشورے ضرور پہنچائیں تا کہ مل کر اس میڈیا چینل کو مضبوط اور موئثر بنا نے میں اپنا اپنا حصہ شامل کیا جا سکے۔