پنجاب اسمبلی کے حلقہ پی پی 20 چکوال میں آج ہونے والے ضمنی انتخاب کی تیاریاں مکمل کرلی گئی ہیں، پولنگ کے دوران 2لاکھ 79ہزار 530ووٹرز حق رائے دہی استعمال کر سکیں گے۔حلقے میں امن و امان کی ذمہ داری فوج، رینجرز اور پولیس سنبھالے گی جبکہ پولنگ منگل کی صبح 8 سے شام 5 بجے تک جاری رہے گی۔پی پی 20چکوال ضمنی انتخاب کے لیے مسلم لیگ ن کے امیدوار چوہدری حیدر سلطان اور پی ٹی آئی کے راجہ طارق افضل کے درمیان کانٹے کا مقابلہ متوقع ہے۔صوبائی اسمبلی کی نشست پر ضمنی انتخاب کے لیے 227پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں جبکہ 45پولنگ اسٹیشن انتہائی حساس قرار دیے گئے ہیں۔انتخابی عمل میں ایک ہزار 855 افرا د پر مشتمل پولنگ عملہ فرائض سرانجام دے گا جبکہ انتخاب کے لیے الیکشن کمیشن سیکریٹریٹ میں شکایات سیل بھی قائم کیا گیا ہے اور شہری انتخابی عمل کی شکایات فون نمبر 9218527 051 اور فیکس نمبر9205300 051 پر درج کروا سکتے ہیں۔
یاد رہے کہ حلقہ پی پی 20 چکوال کی نشست ن لیگ کے رکن پنجاب اسمبلی چوہدری لیاقت علی خان کی وفات کے باعث خالی ہوئی تھی۔