چکوال (نمائندہ یس اردو نیوز)محرم کے دوران امن و امان قائم رکھنے کیلئے پاک فوج کے کمانڈگ آفیسر کرنل عمیر کی دیگر افسران کے ہمراہ ڈی سی او محمود جاوید بھٹی سے ملاقات ہوئی جس میں سیکورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔اس موقع پر اس امر کا اظہار کیا گیا کہ ضلعی انتظامیہ اور پولیس نے تمام انتظامات مکمل کر لیے ہیں۔ حساس جلوسوں کو اے کیٹاگری میں رکھا گیا ہے جہاں پر فول پروف سیکورٹی انتظامات کیے گئے ہیں۔ پیر کے روز پاکستان آرمی کھاریاں کے کمانڈنگ آفیسر محمد عمیر اور دیگر فوجی افسران نے ضلعی انتظامیہ کے ساتھ اعلیٰ سطح کے اجلاس میں شرکت کی۔ جس میں ڈی سی او چکوال محمود جاوید بھٹی، اے ڈی سی عاصم جاوید ہاشمی نے شرکت کی۔ اجلاس میں طے پایا کہ محرم کے دوران کسی قسم کی ناخوشگوار صورتحال سے نبٹنے کیلئے پانچ محرم کی شام کو پاک فوج کے دستے کھاریاں سے چکوال پہنچیں گے اور وہ دس محرم تک ضلع چکوال میں موجود رہیں گے۔ ڈی سی او محمود جاوید بھٹی نے بتایا کہ فوج ضلعی انتظامیہ کی ہنگامی امداد کیلئے اس دوران ہر وقت ضلع میں موجود ہوگی۔