اسلام آباد : چمن سے پکڑے جانےو الے عمران فاروق کے قتل میں ملوث دو ملزموں کو اسلام آباد منتقل کردیا گیا۔ وفاقی وزیر داخلہ چودھری نثار کی ہدایت پر ملزم محسن اور خالد شمیم کو خصوصی طیارے کے ذریعے لایا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزموں سے تفتیش کیلئے ایف آئی اے کی ٹیم تشکیل دینے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
ایف آئی اے ٹیم امیگریشن قوانین کے تحت کارروائی کرے گی جبکہ سندھ پولیس ملزموں کی حوالگی کا مطالبہ کرے گی اور ان کا مجرمانہ ریکارڈ بھی چیک کرے گی جس کے بعد رینجرز اور سیکورٹی ادارے ملزموں کے بارے میں تحقیقات کریں گے۔
ذرائع کے مطابق سیکورٹی ادارے محسن اور خالد شمیم کے پاکستان سے غائب رہنے کی مدت کی تحقیقات کر رہے ہیں۔
اس دوران یہ ملزم کہاں رہے اور کیا کرتے رہے گرفتار ملزموں سے عمران فاروق قتل کیس سے متعلق بھی پوچھ گچھ کی جائے گی۔ محسن علی اور خالد شمیم کو جمعرات کو پاک افغان سرحد سے گرفتار کیا گیا تھا۔