ایونٹ کی مجموعی انعامی رقم سینتالیس کروڑ ستر لاکھ روپے ، ہارنے والی ٹیم کو گیارہ کروڑ چھیاسٹھ لاکھ روپے ملیں گے
لاہور: چیمپئنز ٹرافی جیتنے والی ٹیم جہاں ٹرافی اٹھائے گی ، کروڑوں دل جیتے گی ، عالمی رینکنگ میں ترقی کریگی وہیں تیئیس کروڑ ستر لاکھ روپے بھی سمیٹے گی ۔ آئی سی سی نے چیمپئنز ٹرافی دو ہزار سترہ کیلئے شامل ٹیموں پر خزانے کے منہ کھول دیئے ۔ اگر پاکستانی روپوں میں بات کی جائے تو میگا ایونٹ کی مجموعی انعامی رقم سینتالیس کروڑ ستر لاکھ روپے ہے۔
اوول میں کھیلے جانیوالے فائنل میں ٹرافی اٹھانے والی ٹیم کو تیئیس کروڑ بتیس لاکھ پاکستانی روپے کی انعامی رقم بھی ملے گی جبکہ شکست خوردہ ٹیم کے حصے میں گیارہ کروڑ چھیاسٹھ لاکھ روپے آئیں گے۔ سیمی فائنل ہارنے والی انگلینڈ اور بنگلہ دیش کو فی کس چار کروڑ ستتر لاکھ روپے ملیں گے ۔ گروپ سٹیج میں پیچھے رہ جانیوالی ٹیموں کے حصے میں بھی اچھی خاصی رقم آئے گی۔ گروپ سٹیج میں تیسرے نمبر پر آنے والی آسٹریلیا اور جنوبی افریقا کو پچانوے لاکھ چالیس ہزار روپے ملیں گے ۔ گروپ سٹیج پر آخری نمبر پر رہنے والی نیوزی لینڈ اور سری لنکا کو تریسٹھ لاکھ ساٹھ ہزار روپے ملیں گے۔