زینب قتل کیس میں بنائی گئی جے آئی ٹی کے سربراہ کو تبدیل کرکے ڈی آئی جی محمد ادریس کو جے آئی ٹی کا نیا سربراہ تعینات کر دیا گیا۔
قصور میں زیادتی کے بعد قتل ہونے والی ننھی زینب کے والد کے اعتراض پر واقعے کی تحقیقات کرنے والی جے آئی ٹی کے سربراہ کو تبدیل کر دیا گیا ہے، وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے واقعہ کی تحقیقات کے لیے ایڈیشنل آئی جی ابوبکر خدا بخش کی سربراہی میں جےآئی ٹی تشکیل دی تھی تاہم آج ڈی آئی جی محمد ادریس کو نیا سربراہ تعینات کر دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ قصور کی رہائشی زینب کو ایک ہفتے قبل اغوا کیا گیا تھا، پولیس سی سی ٹی وی فوٹیج ملنے کے باوجود معصوم بچی کو بازیاب نہیں کراسکی تھی تاہم منگل کی شام اس کی لاش کچرا کنڈی سے ملی تھی، پوسٹ مارٹم رپورٹ میں زینب کے ساتھ ایک سے زائد مرتبہ زیادتی کی تصدیق ہوئی ہے۔ زینب کے قتل کے خلاف ملک بھر میں شدید احتجاج دیکھنے میں آیا، بالخصوص قصور میں جہاں مشتعل افراد نے گزشتہ روز رکن پنجاب اسمبلی نعیم صفدر انصاری کے دفتر میں گھس کر توڑ پھوڑ کی اور ان کی 2 گاڑیوں کو آگ لگا دی۔