عام طور پر اکثر لوگ نزلہ اور چھینکوں کی وجہ موسم کی تبدیلی کو قرار دیتے ہوئے نظر انداز کردیتے ہیں اور اس سے چھٹکارا حاصل کرنے کا کوئی طریقہ اختیار نہیں کرتے- لیکن یہ طرزِ عمل درست نہیں ہے کیونکہ ایسے لوگ اکثر ہی اس بیماری مبتلا رہتے ہیں- ہماری ویب کی ٹیم نے اس بیماری کی اصل وجوہات اور اس کا علاج جاننے کے لیے معروف حکیمہ رخِ نسرین آغا سے خصوصی ملاقات کی- اس نشست میں حاصل ہونے والی اہم معلومات یہاں ہماری ویب کے قارئین کی خدمت میں پیش کی جارہی ہیں-
طبیبہ رخِ نسرین کے مطابق “ نزلہ ایک ایسی بیماری ہے جس میں بچے یا بڑے سب ہی مبتلا ہوسکتے ہیں- نزلے کے دو اقسام ہوتی ہیں- ایک گرمیوں میں ہوتا ہے جبکہ دوسرا سردیوں میں بہت زیادہ ہوتا ہے-
وہ نزلہ جس میں بہت زیادہ چھینکیں آتی ہیں٬ آنکھوں اور ناک میں بہت زیادہ خارش ہوتی ہے اور ساتھ ہی پتلا پانی کی طرح نزلہ بہتا ہے یہ ایک مختلف نزلہ ہے اور اس کی وجوہات بھی مختلف ہوتی ہیں
اس نزلے کی ایک وجہ قوت مدافعت میں کمی اور اعصابی نظام کا کمزور ہونا ہے- اس کے علاوہ یہ ناک کی جھلی میں پیدا ہونے والی خشکی کی وجہ سے بھی ہوتا ہے-
طبیبہ رخِ نسرین کا کہنا ہے کہ “ یہ تمام چیزیں ہماری غذا کی وجہ سے یا پھر اس کے غلط استعمال کی وجہ سے ہوتی ہیں اور اگر ہم غذا پر توجہ دیں تو ان سے بچ سکتے ہیں
ہمیں چاہیے کہ اپنے ناشتے میں دودھ کا استعمال روزانہ کریں- چائے٬ کافی یا سبز چائے جیسے گرم مشروبات کا استعمال گرمیوں میں کم کریں یا پھر غیر ضروری نہ کریں- اس کے علاوہ تمباکو اور چھالیہ بھی نہ کھائیں اور ساتھ ہی لہسن ادرک کا استعمال بھی کم کردیں کیونکہ یہ جسم میں گرمی اور خشکی پیدا کرتے ہیں
اس کے علاوہ روزانہ ورزش کیجیے تاکہ آپ کے دورانِ خون میں اضافہ ہو اور اس طرح آپ کی قوتِ مدافعت میں بھی اضافہ ہوگا
احتیاطی تدابیر کے طور پر طبیبہ رخِ نسرین کا کہنا تھا کہ جب آپ کو چھینکیں شروع ہوں تو گرم پانی میں نمک ڈال کر اس سے گلے اور ناک کو اچھی طرح دھوئیں تاکہ جراثیموں کا خاتمہ ہوسکے
اس کے علاوہ 5 گرام بیدانہ لے کر گرم پانی میں بھگو دیں اور اس کے بعد پانی کو چھان کر صبح و شام 5 سے 7 دن پئیں٬ اس سے بھی آپ کے نزلے اور چھینکوں میں کمی ہوجائے گی
تاہم گلے کی خراش انتہائی تکلیف دہ ہوتی ہے- گلے کی خراش سے آرام کے لیے املتاس کا گودہ ایک کپ میں ابالیں اور چھان کر اس کے غرارے کیجیے- بہت جلد آپ کا انفیکشن کنٹرول ہوجائے گا- رات جلدی سوئیے اور صبح جلدی اٹھیے٬ ورزش کیجیے اور اپنا تازہ غذا کھائیے- اس طرح آپ کو الرجی سے نجات مل جائے گی
نزلے کی دوسری قسم کے بارے میں طبیبہ رخِ نسرین کا کہنا تھا کہ “ دوسرا نزلہ بلغم والا ہوہتا ہے- اس میں گلا خراب ہوتا ہے٬ گلے میں درد ہوتا ہے٬ بلغم بہت زیادہ ہوتی ہے اور جب کھانسی ہوتی ہے تو بغلم بہت زیادہ گاڑھا نکلتا ہے
اس نزلے میں وہ لوگ مبتلا رہتے ہیں جو سست ہوتے ہیں اور اپنے جسم کو ہلاتے نہیں ہیں- صبح دیر تک سونا بھی اس کی ایک بڑی وجہ ہے- اس کے علاوہ رات میں غسل کرنا٬ بالوں کو خشک نہ کرنا٬ ایسے کپڑے پہننا جو بہت زیادہ کھلے ہوں اور بہت زیاد دہی٬ چاول٬ آئسکریم اور کولڈرنک استعمال کرنے والے افراد بھی اس نزلے کا شکار بنتے ہیں
“ ایسے لوگوں کو چاہیے کہ ہمیشہ اپنے جسم کو گرم رکھیں٬ دوپہر 2 بجے سے پہلے غسل کریں اور کھانے میں دہی٬ جاول اور کولڈرنک سے پرہیز کریں- اپنے جسم کو گرم رکھیے٬ سر کو گرم رکھیے اور سردیاں ہوں تو موزے پہن کر رکھیے
“ اس کے علاوہ 5 گرام گلِ بنفشہ نامی بوٹی کو ایک کپ پانی میں ابال کر پئیں- 8 یا 10 دن سے زیادہ کوئی بھی دوائی بغیر معالج کے مشورے کے استعمال نہ کیجیے