تحریر: مرزا رضوان
دنیا میں عالمی امن کے ”علمبردار ”یقیناً خواب خرگوش کے مزے لے رہے ہوںگے جب درندگی کی انتہا کرتے ہوئے پاکستانی معصوم شہریوں پر گولے اور گولیاں برسائی جارہی ہوں گی۔ ویسے بھی ان کو کیا ضرورت پڑی ہے کہ وہ سرحدی دہشت گردی کے ساتھ ساتھ دیگر ملکوں میں بے گناہ انسانیت کے ساتھ خون کی ہولی کھیلنے والے بھارت کو” لگام” ڈالنے کیلئے میدان میں اتریں۔
بھارت ایک طرف مذاکرات کی بات کرتا ہے تو دوسری جانب ہمیشہ شیطانیت، حیوانیت اور جنونیت سے لبریز ناپاک عزائم کا سرعام اظہار کرتے ہوئے امن کو تباہ کرنے میں اپنا کردار ادا کیا ۔ جب بھارتی سرکارکے دماغ کی رگیں پھولنے کو آتی ہیں تواس سرپر خون سوار ہوجاتا ہے ۔وہ سرحدی دہشت گردی کرتے ہوئے معصوم پاکستانیوں کو اپنے گولیوں اور گولوں کا نشانہ بناڈالتا ہے ۔پاکستانی سرحد پربلاجواز آئے روز بھارتی جارحیت سے نہتے پاکستانی شہری شہید ہورہے ہیں اور ورکنگ بائونڈری پر سیز فائر کی دھجیاں اڑانامعمول بن چکا ہے ۔پاکستان نے ہمیشہ امن و محبت کو فروغ دیتے ہوئے اور اقوام عالم پر اپنا امن پسند ہونے کا عملی ثبوت دیتے ہوئے مذاکرات کی میز سجانے میں اہم کردار ادا کیا ، مگر بھارت نے ہر دفعہ اپنی ”ہٹ دھرمی”ثابت کرتے ہوئے ”راہ فرار”اختیار کی،اور اپنی بے لگام ”بدمعاشی ”کا مظاہرہ کیا۔
گذشتہ روز بھی بھارتی فورسزنے اپنی سرحدی ”بدمعاشی”کی روایات کو برقرار رکھتے ہوئے سیالکوٹ ورکنگ بائونڈری چارواہ ، چپراڑاور سچیت گڑھ سیکٹرز پر بلااشتعال فائرنگ و گولہ باری کرکے معصوم پاکستانی ڈھائی سالہ بچے سمیت 8افراد کو شہیدجبکہ خواتین سمیت سنتالیس افرادکو زخمی کردیا ۔بھارتی درندگی کا فوری طور پر نوٹس لیتے ہوئے وطن عزیز پاکستان کی پاک افواج کے عظیم ”سپہ سالار”آرمی چیف جنرل راحیل شریف کی جانب سے شدید الفاظ میں مذمت کی گئی اور انہوں نے جرات و بہادری کی اپنی روایارت کو برقرار رکھتے ہوئے سیالکوٹ ورکنگ بائونڈری کا دورہ کیا اور بھارتی جارحیت کا بھرپور جواب دینے پر پنجاب رینجرز کو ”خراج تحسین”پیش کیاوہاں پر وطن عزیز پاکستان کے نڈر اور عظیم سپوت کا کہنا تھاکہ بھارت نے ورکنگ بائونڈری اور لائن آف کنٹرول پر ”سیزفائر’کی کھلم کھلا ”خلاف ورزی ”کی ہے ، بھارت نے بین الاقوامی ضابطوں کی خلاف ورزی کرتے ہوئے شہری آبادی کو نشانہ بناکر ”ہرحد”پار کی ہے ۔شہریوں کو نشانہ بناناانتہائی ”بزدلانہ ”اور ”غیراخلاقی ”کاروائی ہے ۔آرمی چیف نے رینجرز ہیڈکوارٹرکا بھی دورہ کیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف کو ورکنگ بائونڈری اور لائن آف کنٹرول کی تازہ ترین صورتحال پر بریفنگ بھی دی گئی۔اس موقع پر آرمی چیف نے سرحد پر تعینات فوجی دستوں اور مقامی آبادی کے بلند حوصلے کو بھی سراہابعدازاں انہوں نے سی ایم ایچ سیالکوٹ میں بھارتی فائرنگ و گولہ باری سے زخمی ہونیوالے شہریوں کی عیادت بھی کی۔ محترم قارئین!ورکنگ بائونڈری اورسیالکوٹ کے سیکٹرز پر بھارت اپنی بزدلانہ کارائیوں سے اپنی طاقت کے نشے میں دھت ”درندگی ”اور جانی و مالی نقصان پہنچانے کی لاتعداد مرتبہ انتہاکرچکا ہے ، اقوام متحدہ وعالمی مبصرین کے بارہادوروں اور چشم دید گواہیوں کے ساتھ اقوام متحدہ اور دیگر عالمی امن کے ”علمبرداروں ”کو بھارت کی معصوم اور نہتے پاکستانیوں پر ظلم و ستم کی انتہا نے ابھی تک مجبور نہیں کیاکہ جس پر وہ بھارتی جارحیت کو ”لگام ”ڈال سکیں ۔یہاں تک کے مقبوضہ کشمیر میں یہ عالمی امن تباہ کرنے اورسرحد پار دہشت گردوں کا یہ اتحادی جو کچھ اب تک کرچکا اور آج بھی جو کچھ کررہاہے وہ پوری دنیا کے سامنے عیاں ہے ، لیکن افسو س صد افسوس۔۔۔کہ انسانیت کی اس تذلیل پر اقوام عالم نے اپنی آنکھیں بند کیوں کررکھی ہیں۔
کب تک اسکی یہ ”بدمعاشی”چلتی رہے گی؟آخر یہ بھارت کیا دیکھنا چاہتا ہے ؟یقینا بھارت بھول رہاہے اور بالکل بھول چکاہے کہ پاک فوج وہی ہے کہ جس کے عظیم جوانوں نے 65ء میں بھارتی فوج کے ناکوں چنے چبوادیئے تھے ، بھارت بھول رہاہے کہ کلمہ حق کی بنیاد پر حاصل کی جانیوالی اس ارض پاک کی عظیم افواج کا عظیم ”سپہ سالار”کون ہے ،اور یقینا بھارت کبھی نہیں بھول سکتا کہ میجرعزیز بھٹی شہید اور میجرشبیر شریف شہید کون تھے ، وہ آج بھی ان کے نام سن کر کانپتا ہے ۔تو پھر بھارت یہ کیوں بھول رہاہے کہ اللہ رب العزت کے خاص فضل و کرم سے آج بھی انہی عظیم شہداکے خون اورپاکستان کی عظیم افواج کے عظیم ”سپہ سالار ”چیف آف آرمی سٹاف جناب جنرل راحیل شریف ہیں اوریہ انہیں عظیم میجرز کے عظیم خاندان کے عظیم چشم و چراغ ہیںجنہوں نے بھارتی فوج کے تمام ناپاک عزائم خاک میں ملادئیے تھے۔بھارت ہرگز نہ بھولے کہ یہی وہی عظیم جرنیل ہیں جنہوں نے پاکستان میں اندرونی و بیرونی چیلنجز کا بڑی خندہ پیشانی کے ساتھ مقابلہ کیا ہے ۔یہ وہی عظیم ”سپہ سالار ”ہیں کہ جنہوں نے اپنی شب و روزکوششوںنے ”دہشت گردی ”کو جڑسے اکھاڑ پھینکا ہے۔
پوری دنیا ان کو عزت کی نگاہ سے اور خراج تحسین پیش کرتے دکھائی دے رہی ہے ۔بھارت ہر گز نہ بھولے کہ آج بھی پاکستانی قوم اپنے ان عظیم سپوتوں کے شانہ بشانہ اپنا تن من دھن قربان کرنے کا فقید المثال جذبہ رکھتی ہے ۔بھارت کبھی نہ بھولے کہ پوری دنیا پاکستانی افواج کی صلاحیتوں کی گرویدہ ہے اور جہاں کسی کی ہمت نہیں ہوتی وہاں ہماری پاک افواج اپنی کامیابیوں کا آغاز کرتی ہے ۔آج بھی ارض پاک پر جان نچھاور کرنیوالے ”شہادت ”کی تمنا لئے عظیم مائوں کے عظیم بیٹے تیار ہیں، اسی عظیم خاندان کے عظیم سپوت نے سیالکوٹ سرحد پر موجود ارض پاک کی حفاظت پر مامور پنجاب رینجرز کے جوانوں کو ”گلے ”لگا کر ایک عظیم اور ناقابل بیان حوصلہ بخشا ہے۔
اپنی تمام تر انتہائی اہم مصروفیات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے بھارتی توپوں کو خاموش کروانے والے پنجاب رینجرز کے جوانوں اور بھارتی جارحیت کی وجہ سے شہید و زخمی ہونیوالے معصوم شہریوں کے ورثاء سے اظہار ہمدردی و اظہار یکجہتی کرنے کیلئے ورکنگ بائونڈری اور لائن آف کنٹرول پر پہنچنے والے وطن عزیز پاکستان کی پاک افواج کے عظیم سپہ سالار پرپاکستانی قوم کو ناز ہے اور ہمیشہ رہیگا ، پوری قوم اللہ رب العزت کے حضورکے دعا گو ہے کہ اللہ تعالیٰ اپنے پیارے حبیب نبی کریم ۖ کے صدقے میں ہماری فوج اور ہماری فوج کے عظیم ”سپہ سالار ”جناب جنرل راحیل شریف کو اپنی امان میں رکھے اور تاحد نگاہ کامیابیوں اور کامرانیوں سے ہر لمحہ ہمکنار فرمائے (آمین)تاکہ وطن عزیز پاکستان کا پرچم ہمیشہ سربلند رہے۔
تحریر: مرزا رضوان