لندن : متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کہا ہے کہ انہوں نے ملک کے خلاف نہیں ظلم و جبر کے خلاف بات کی اور ان پر جھوٹے الزامات لگائے جارہے ہیں۔
ایم کیو ایم حیدر آباد زونل کمیٹی کے ارکان سے ٹیلی فونک گفتگو کے دوران الطاف حسین نے کہا کہ ان پر جھوٹے الزامات لگائے جارہے ہیں۔
انہوں نے ملک کے خلاف نہیں ظلم و جبر کے خلاف بات کی، حکمران انہیں دھمکیاں دینے کے بجائے حکمراں اپنی صفوں میں جائزہ لیں، آئی ایس آئی کے سابق سربراہوں کے خلاف خواجہ آصف کے بیان پر چوہدری نثار خاموش رہے۔
ایم کیو ایم کے قائد کا کہنا تھا کہ انہیں جھوٹے مقدمات میں پھنسا کر انہیں جیل بھیجا جاسکتا ہے، ان کی تقاریر پر پابندی بھی لگائی جاسکتی ہے، انہیں قتل بھی کرایاجاسکتا ہے، زندگی اللہ تعالیٰ اورتحریک کی امانت ہے، موت کاخوف نہیں، اگر انہیں کچھ ہوجائے تو کارکنان تحریک کوزندہ رکھیں اور کسی بھی قیمت پر قانون ہاتھ میں نہ لیں۔