شہر شہر دعائیہ تقریبات کا انعقاد ، سکولوں میں اسمبلی کے دوران طلبہ کی شہید ہونے والے ساتھیوں کیلئے دعائیں
پشاور (یس اُردو) سانحہ باچا خان یونیورسٹی کے شہید طلبا کو خراج عقیدت پیش کرنے کے لئے ملک بھر میں قومی پرچم سرنگوں ہے ۔ شہر شہر دعائیہ تقریبات ہو رہی ہیں ۔ ہمت ، عزم و استقلال ، آنکھوں میں چمک ، ایک ولولہ تازہ ، سبز ہلالی پرچم سرنگوں ، علم کی راہ میں جام شہادت نوش کرنے والے طالب علم ساتھیوں کے لئے ملک بھر میں دعائیہ تقاریب کا سلسلہ جاری ہے ۔ پشاور میں صبح اسمبلی کے دوران سکول کے طالب علموں نے بچھڑ جانے والے ساتھیوں کے لئے دعا مانگی ۔ کراچی کے سکول میں بھی طالبات نے سانحہ باچا خان یونیورسٹی کے شہیدوں کے لئے دعائے خیر کی ۔ ملتان میں بھی طلبا نے چارسدہ کے شہیدوں کو خراج عقید ت پیش کیا اور دعا مانگی ۔ فیصل آباد میں بھی سکول کی بچیوں نے باچا خان یونیورسٹی کے شہید طلبا کے لئے دعائے خیر کی ۔ پیغمبروں کی میراث کے امین علم حاصل کرنے والے طالب علموں نے دہشت گردوں سے کہا ہے میرے ہاتھ میں قلم ہے میرے ذہن میں اجالا ، مجھے کیا دبا سکے گا کوئی ظلمتوں کا پالا ، مجھے فکر امن عالم تجھے اپنی ذات کا غم ، میں طلوع ہورہا ہوں تو غروب ہونے والا