شہدا کی نماز جنازہ ادا کر دی گئی ، ہر طرف اداسی چھائی ہے ، ایوان صدر ، وزیر اعظم ہائوس سمیت متعدد سرکاری عمارتوں پر قومی پرچم سرنگوں رہا
چارسدہ (یس اُردو) سانحہ چارسدہ کے بعد آج بھی علاقے کی فضا اداس ہے ، شہداء کے لواحقین سے اظہار یکجہتی کے لیے آج ملک بھر میں یوم دعا منایا جا رہا ہے ۔ چارسدہ میں امن کے دشمنوں نے قوم کے نوجوان معماروں کو خون میں نہلا دیا ، کربناک سانحہ پر آج بھی فضا غمزدہ اور آنکھیں بھیگی ہیں ، ملک بھر میں ہر طرف اداسی چھائی ہے ۔ شہداء کی نماز جنازہ گزشتہ روز ادا کر دی گئیں ۔ شہداء کی روح کے ایصال ثواب کیلئے جگہ جگہ قرآن خوانی کی جا رہی ہیں ۔ افسوسناک سانحے پر قوم کے دعاؤں کیلئے ہاتھ اٹھ گئے ہیں ، ملک بھر کے مختلف شہروں میں باچا خان یونیورسٹی میں شہید ہونے والوں کے لواحقین سے اظہار یکجہتی کیلئے آج یوم دعا منایا جا رہا ہے ۔ گزشتہ روز بھی شہدا کے لیے دعائیہ تقریبات کا سلسلہ جاری رہا ۔ سانحہ چارسدہ کے غم میں وزیر اعظم ہاؤس ، ایوان صدر ، پارلیمنٹ ، چاروں صوبائی اسمبلیوں سمیت ملک بھر کی اہم سرکاری ، نیم سرکاری اور خود مختار اداروں کی عمارتوں پر قومی پرچم سرنگوں رہا ۔