وٹفورڈ برطانیہ (پ ر) آل جموں کشمیر مسلم کانفرنس وٹفورڈ برطانیہ کے سرپرست اعلی چوہدری بشیر، صدر راجا ذوالکفل نوابی، وائس چیئر مین شفقت اقبال، جنرل سیکرٹری ظہیر الدین، نائب صدر ریاست بھٹی، چیف آرگنائزر ملک داؤد رحیم و دیگر نے تحریک آزادی کشمیر کے ممتاز رہنما مولانا محمد یعقوب چشتی کے انتقال پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا کہ مولانا محمد یعقوب چشتی کی وفات سے تحریک آزادی کشمیر کے لئے اٹھنے والی ایک بڑی آواز خاموش ہو گئی۔
بزرگ سیاستدان مولانہ یعقوب چشتی کی وفات سانحہ سے کم نہیں ان کی سیاسی خدمات کو کبھی نہیں بھلایا جا سکتا ان کی وفات سے جو خلا پیدا ہو گیا ہے اسے پورانہیں کیا جا سکتا۔ مولانا مجاہد اول سردارعبدالقیوم خان (مرحوم) کے دیرینہ ساتھی تھے ۔ انہوں نے سردار عبدالقیوم خان (مرحوم) کے ساتھ مل کر مسئلہ کشمیر کو ساری دنیا میں اجاگر کیا، کشمیریوں پر ہونے والے ظلم و ستم کو بھی دنیا کے سامنے رکھا اور برطانیہ میں آل جموں کشمیر مسلم کانفرنس کی رہنمائی بھی کرتے رہے۔ ان کی خدمات کے صلہ میں انہیں صدارتی ایوارد سے بھی نوازا گیا۔
، مولانا محمد یعقوب چشتی کے مشن کو ہمیشہ جاری رکھیں گے اور کشمیر کی آزادی اور اس کے پاکستان کیساتھ الحاق تک اپنی کوششیں جاری رکھیں گے۔ مرحوم ہمیشہ کشمیر اور پاکستان کے لوگوں کے لئے فکر مند رہتے تھے اور چاہتے تھے کہ ان کی زندگی میں کشمیر آزاد ہوجائے۔ اس پیرانہ سالی میں بھی وہ کسی نہ کسی طرح تقریبات منعقد کرتے تھے۔ کوئی ایسا سال نہیں گزار جب انہوں نے بیماری کے باوجود یوم پاکستان کی تقریب نہ منعقد کی ہو۔انھوں نے کہا کہ برطانیہ میں مقیم کشمیری اور پاکستانی کمیونٹی کے سرسے ایک سایہ دار درخت کا سایہ اٹھ گیا ہے یہ پوری کشمیری وپاکستانی قوم کا نقصان ہے۔
مرحوم نے برطانیہ میں تحریک آزادی کشمیر کو زندہ رکھا ہوا تھا۔ اندرا گاندھی سمیت جب بھی کوئی بھارتی لیڈر برطانیہ میں آیا انہوں نے اس سے کشمیر کے بارے میں بات ضرور کی اور احتجاجی مظاہرے بھی کئے۔مرحوم نے گزشتہ پانچ دہائیوں سے برطانیہ میں صرف اور صرف تحریک آزادی کشمیر کی آواز بلند رکھی ۔ دکھ کی اس گھڑی میں آل جموں کشمیر مسلم کانفرنس برطانیہ مولانا یعقوب چشتی مرحوم کے لواحقین اور دیگر اہل خانہ کے ساتھ کھڑے ہیں اور دعا گو ہیں رب تعالی مولانا کو بلند درجات عطا فرمائے اور لواحقین کو صبر جمیل عطا فرمائے۔