پیرس (نمائندہ خصوصی) آل پارٹیز کشمیر فورم فرانس کی ایگزیکٹو کمیٹی کے چیئرمین چوہدری محمد نعیم نے کہا ہے کہ کشمیر کمیٹی پر انتہائی بھاری ذمہ داری ہے۔ دونوں طرف کے کشمیری پاکستانی حکومت سے مطالبہ کرتے ہیں کہ کشمیر کمیٹی کو فعال بنانے میں کردار ادا کرے۔ تاکہ نصف صدی سے زاہد تکالیف اورظلم وستم کا شکار کشمیریوں کے دکھوں کا ازالہ ہوسکے۔
انہوں نے کہا کہ امید ہے نئی حکومت کشمیر کمیٹی کے ذریعے دونوں اطراف کی کشمیری تنظیموں سے روابط استوار کریگی اور کشمیریوں کی ڈھارس بنے گی۔ کشمیری پاکستان کواپنا دوسرا گھر سمجھتے ہیں اس لئے کشمیری کمیٹی کو ان کے جذبات کی ترجمانی کرتے ہوئے ہمیشہ بھارت کے ساتھ تعلقات استوار کرنے میں احتیاط برتنی چاہیے تاکہ مقبوضہ کشمیر کی عوام ، حریت کانفرنس دیگر تنظیموں اور آزاد کشمیر کے کشمیریوں کی جذبات کی صحیح ترجمانی ہوتی رہے۔ نہتے کشمیریوں پر بھارت دن رات حملے کر رہا ہے اور کشمیری عوام ایک خوف کی زندگی گزار رہے ہیں اور اس پر کشمیر کمیٹی کو انتہائی فعال کردار ادا کرنا چاہیے۔