وفاقی وزیر داخلہ نے اسلام آباد دھرنے کے شرکا پر وعدہ خلافی کا الزام لگا دیا۔ کہتے ہیں چہلم کی آڑ میں اسلام آباد کے ڈی چوک پہنچنے والوں نے سیاست کرنے کی کوشش کی۔ معاملہ پرامن طور پر حل نہ ہوا تو کل ڈی چوک خالی کرا لیں گے۔
اسلام آباد: (یس اُردو) اسلام آباد میں دھرنے کا تیسرا روز شرکا ڈی چوک میں موجود۔ حکومتی ڈیڈ لائن ختم ہو چکی۔ وزیرداخلہ بھی بول پڑے کہتے ہیں چہلم کے شرکا پرامن منتشر ہونے کا وعدہ کر کے آئے پھر ایک گروپ مکر گیا سیاست کرنے کی کوشش بھی کی۔ چودھری نثار نے واضح کیا کہ حکومت دھرنے کے شرکا سے مذاکرات نہیں کر رہی۔ سیاسی طور پر کوئی بات ہو رہی ہے نہ ہی ہو گی۔ کراچی سے آئے اکابرین بات چیت کر رہے ہیں معاملہ حل نہ ہوا تو بدھ کو ڈی چوک خالی ہو گا۔ وزیر داخلہ نے کہا توڑ پھوڑ کرنے والے اکثر افراد پکڑے جا چکے باقی کی ویڈیو موجود ہے چن چن کر گرفتاریاں کریں گے۔ وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ انتظامیہ کی خامیوں تک پہنچنے کیلئے کمیٹی بھی تشکیل دے دی گئی ہے۔