اسلام آباد : وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثار علی سے ایم کیو ایم کے وفد نے ملاقات کی جس میں کراچی آپریشن پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
اسلام آباد میں ایم کیو ایم کے وفد نے ڈاکٹر فاروق ستار کی سربراہی میں وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار علی سے ملاقات کی جس میں خالد مقبول صدیقی ، کنور نوید جمیل اور بیرسٹر سیف سمیت دیگر ارکان شامل تھے جب کہ ملاقات میں سندھ بالخصوص کراچی آپریشن اور امن وامان اور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
وفاقی وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ کراچی آپریشن جرائم پیشہ افراد کے خلاف ہے اور اس کا مقصد ایم کیوایم سمیت کسی جماعت کو دیوار سے لگانا نہیں بلکہ شہر میں امن کا قیام ہے۔
انہوں نے کہا کہ آپریشن پر ہر جماعت کے جائز تحفظات دور کرنے کی ہر ممکن کوشش کریں گے تاہم رینجرز کی کارروائیاں قواعد وضوابط کے مطابق ہیں جب کہ آپریشن میں رینجرز کا ساتھ دینا ملکی مفاد کا تقاضہ ہے اور یہ ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ اس موقع پرمتحدہ قومی موومنٹ کے وفد نے کہا کہ آپریشن کے حامی ہیں مگر ہمارے ساتھ زیادتی ہورہی ہے۔