اسلام آباد: سابق وزیر داخلہ چوہدری نثار علی خان نے کل شام پانچ بجے پریس کانفرنس کا اعلان کردیا۔
چوہدری نثار علی خان کے ترجمان کے مطابق سابق وزیرداخلہ اتوار کو شام پانچ بجے پریس کانفرنس کریں گے۔ ایکسپریس نیوز کے مطابق چوہدری نثار میڈیا خبروں میں نوازشریف کی ریلی میں اپنی عدم شرکت پرہونے والی چہ مگوئیوں پر بات کریں گے، جب کہ مسلم لیگ (ن) کی موجودہ جارحانہ سیاسی حکمت عملی پر بھی روشنی ڈالیں گے۔ پریس کانفرنس میں چوہدری نثار اپنی 4 سالہ کارکردگی پر تفصیلی گفتگو کرینگے اور سابق وزیر اطلاعات پرویزرشید کی تنقید کا جواب بھی دینگے۔
یاد رہے کہ گزشتہ روز مسلم لیگ (ن) کے سینیٹر پرویز رشید نے کہا تھا کہ نوازشریف کے خلاف سازش جنرل (ر) پرویز مشرف کی بد روح نے کی جب کہ اپنی وزارت داخلہ ہونے کے باوجود ہمارے خلاف فیصلے ہوئے۔ پرویز رشید کے بیان پر ردعمل دیتے ہوئے ترجمان چوہدری نثار نے کہا تھا کہ کچھ لوگوں نے اپنی غلطیوں اور کوتاہیوں کا سارا بوجھ وزارتِ داخلہ اور اسٹیبلشمنٹ پر ڈال دیا ہے، پرویز رشید میں یہ بھی اخلاقی جرات ہونی چاہیئے کہ قوم سے پہیلیاں بجھوانے کی بجائے سازش کے بارے میں کھل کر وضاحت کریں۔