کراچی : متحدہ قومی موومنٹ كی رابطہ كميٹی كے ركن ڈاكٹر فاروق ستار نے كہا ہے وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار اور دیگر وفاقی وزرا کو الطاف حسین فوبیا ہوگیا ہے اور ان پر پر قائد ایم کیوایم کی سچائی کا خوف طاری ہے۔
كراچی پريس كلب كے باہر چوہدری نثار اور خواجہ آصف كے بيان كے خلاف ایم کیوایم کی جانب سے احتجاجی ریلی نکالی گئی جس میں ایم کیوایم کے رہنما فاروق ستار، اسلم آفریدی، شبیر قائم خانی اور قمر منصور سمیت رابطہ کمیٹی کے دیگر اراکین نے شرکت کی جب کہ ریلی سے خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر فاروق ستار کا کہنا تھا کہ وفاقی وزرا خواجہ آصف اور چوہدری نثار كے شرانگيز بيان كے پيچھے وفاقی حكومت كے جو عزائم ہيں۔
آج ہم اس كو احتجاجی ريلی كے ذريعے بے نقاب كررہے ہيں۔ انہوں نے کہا کہ 37 برس سے يہ كوشش كی جارہی ہے كہ الطاف حسين ،ايم كيوايم اور 5 كروڑمہاجر عوام كے درميان تقسيم پيدا كردی جائے اور الطاف حسين كو ان كے چاہنے والوں سے دور كردياجائے اور ايسے مذموم عزائم صرف ديوانے كا خواب ثابت ہوں گے۔
ڈاکٹر فاروق ستار کا کہنا تھا کہ آپريشن كی آڑ ميں ايم كيوايم كو ديوار سے لگاياجارہا ہے، ہم كراچی آپريشن كے حامی تھے اور ہيں مگر يہ ايمانداری ، ديانتداری كے ساتھ صرف جرائم پيشہ عناصر كے خلاف اور دہشت گردی كے خاتمے كيلئے كياجائے۔
انہوں نے كہا كہ الطاف حسين كی تقرير پر اس لئے پابندی عائد كی گئی ہے كہ وفاقی حكومت اس ميں اپنی طرف سے كچھ ڈال كر 30 تھانوں ميں ايف آئی آر كٹوا سكے جب کہ يہ الطاف حسين كی تقرير كا مسئلہ نہيں بلكہ وفاقی وزرا كو الطاف حسين فوبيا ہوگيا ہے اور ان پر الطاف حسين كی سچائی كا خوف طاری ہے۔