وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق کا کہنا ہےکہ چوہدری نثار ہمارے ساتھ تھے ساتھ ہیں اور ساتھ ہی رہیں گے۔
وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار اتوار کو اہم پریس کانفرنس کرنے جارہے ہیں جس میں وہ اپنے سیاسی کیریئر کا اہم ترین اعلان کریں گے۔ چوہدری نثار کےقریبی ذرائع نے دعویٰ کیا ہےکہ وہ وزیراعظم نوازشریف سے اپنی 35 سالہ رفاقت ختم کررہے ہیں اور وہ پریس کانفرنس میں وزارت سے بھی مستعفی ہونے کا اعلان کریں گے۔
تاہم چوہدری نثار پارٹی سے علیحدگی اختیار نہیں کریں گے۔ اس حوالے سے جاری بیان میں مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور وفاقی وزیر خواجہ سعد رفیق کا کہنا تھا کہ چوہدری نثار فرنٹ لائن پر ہوں گے اور مخالفین کی خواہشات دھری کی دھری رہ جائیں گے، وہ ہمارے ساتھ تھے، ہیں اور رہیں گے۔دوسری جانب وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ پوری (ن) لیگ اعتماد کے ساتھ نواز شریف کے ساتھ کھڑی ہے، ماضی میں ایسی صورتحال میں پارٹیاں ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہوتی تھیں، وقت کے ساتھ سیاسی جماعتوں میں مضبوطی آئی جو اچھی بات ہے۔ خواجہ آصف نے کہا کہ تمام وزرا وزیراعظم کی قیادت میں کام کرتے رہیں گے۔