اسلام آباد (یس ڈیسک) وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثار علی خان نے ایم کیوایم کے کارکن کے قتل کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی جی رینجرز اور آئی جی سندھ سے رپورٹ طلب کر لی جب کہ ایڈیشنل آئی جی کراچی نے واقعے کی تحقیقات کے لئے پولیس کی کمیٹی بھی تشکیل دے دی۔
وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثارعلی خان نے سہیل احمد کے قتل پر ایم کیو ایم سے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ماورائے آئین کسی کارروائی کی اجازت نہیں دی جائے گی جب کہ انہوں نے قتل کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے ڈی جی رینجرز اور آئی جی سندھ سے رپورٹ بھی طلب کرلی۔
دوسری جانب پولیس ترجمان کے مطابق ایم کیو ایم کے کارکن سہیل احمد کے قتل کی تحقیقات کے لئے کمیٹی تشکیل دے دی گئی جس کی سربراہی ڈی آئی جی ساؤتھ کریں گے جب کہ کمیٹی میں ایس ایس پی سٹی اور ایس پی انویسٹی گیشن ساؤتھ بھی شامل ہوں گے۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ سہیل احمد 15 دسمبر 2014 کو بہادر آباد کے علاقے سے لاپتا ہوئے اور ان کی گمشدگی کا مقمہ تھانہ بہادر آباد میں درج ہے۔
واضح رہے کہ ایم کیوایم نے کارکن کے قتل کے خلاف کل سندھ بھر میں یوم سوگ کا اعلان کیا ہے، ایم کیوایم کا کا کہنا تھا کارکن سہیل احمد کو سادہ لباس پہنے افراد اٹھا کر لے گئے اور ان کی گولی لگی لاش موچکو تھانے کی حدود سے برآمد ہوئی۔