لاہور: اسپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الہٰی نے 4 ارکان پنجاب اسمبلی کی صدارتی الیکشن سے پہلے حلف لینے کی استدعامسترد کردی ۔تفصیلات کے مطابق آزاد رکن پنجاب اسمبلی چودھری نثار اور ن لیگ کے 3 ارکان نے سپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی سے استدعا کی تھی کہ صدارتی الیکشن سے قبل،
ان سے حلف لیاجائے۔چودھری پرویز الہٰی نے ان کی استدعا مسترد کردی اور کہا ہے کہ مذکورہ ارکان اسمبلی سے حلف صدارتی الیکشن کے بعد لیا جائے گا۔واضح رہے کہ صدارتی الیکشن کیلئے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا مرحلہ مکمل ہو چکا ہے آج امیدوار وں کا حتمی اعلان کیا جائے گااورصدارتی الیکشن کیلئے پولنگ 4 ستمبر کو ہو گی۔ جبکہ دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدارسے گزشتہ روز آل پاکستان نیوز پیپرز سوسائٹی (اے پی این ایس)کے وفد نے ملاقات کی ، وفد کی قیادت سوسائٹی کے سیکرٹری جنرل سید سرمد علی کررہے تھے ۔ ملاقات میں اخباری صنعت کو درپیش مسائل کے حل کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے وفد سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عوام کو ریلیف اورسہولتیں فراہم کرنا ہمارا مشن ہے ۔پسماندہ علاقوں کو ترجیحی بنیادوں پر ترقی دیں گے اورترقی یافتہ علاقوں کی ترقی کا تسلسل برقرار رکھیں گے۔ انہوں نے کہا کہ دن رات کام کر کے عوامی خدمت کی نئی مثال قائم کریں گے۔ میری ٹیم پرعزم اورمحنتی ہے ،انشاء اللہ ڈلیورکریں گے۔انہوں نے کہا کہ میڈیا سے رہنمائی حاصل کرتے رہیں گے۔اخباری صنعت کے مسائل کے حل کیلئے اقدامات کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ صوبے میں صحافتی اکیڈمی کے قیام کا جائزہ لیا جائے گا۔ مستقبل میں بھی میڈیا سے قریبی رابطہ رکھا جائے گا۔ اے پی این ایس کے وفد نے وزارت اعلٰی کامنصب سنبھالنے پر سردار عثمان بزدار کو مبارکباددی۔سید سرمد علی نے کہا کہ امید ہے کہ آپ کے دور میں حکومت اورپریس کے تعلقات مزید فروغ پائیں گے۔