لاہور: مسلم لیگ (ق) کے رہنما اور سپیکر پنجاب اسمبلی کے لئے نامزد امیدوار چودھری پرویز الہٰی نے سپیکر پنجاب اسمبلی کے لئے کاغذات جمع کرا دیئے جبکہ تحریک انصاف کے امیدوار دوست محمد مزاری نے ڈپٹی سپیکر کیلئے کاغذات نامزدگی جمع کرا دیئے۔
میڈیا رپورٹس کے مطابق پنجاب اسمبلی کا اجلاس آج ہوا جس میں نومنتخب ارکان اسمبلی نے حلف اٹھا یا۔جس کے بعد تحریک انصاف اور ن لیگ کے نمائندوں نے سپیکر اور ڈپٹی سپیکر کے لئے کاغذات نامزدگی جمع کرادیئے۔مسلم لیگ (ن) کی جانب سے اقبال گجر اورمیاں مجتبیٰ شجاع الرحمان نے کاغذات جمع کرائے جبکہ مسلم لیگ (ق) کے رہنما پرویز الہٰی نے سپیکر پنجاب اسمبلی کے لئے اور سردار دوست مزاری نے ڈپٹی سپیکر کے لئے کاغذات نامزدگی جمع کرا دیئے۔ دوست محمد مزاری ڈپٹی سپیکر کیلئے تحریک انصاف کے امیدوار ہیں۔
واضح رہے کہ تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کرتے ہوئے کہا ہے کہ پنجاب اسمبلی کے اسپیکر کا فیصلہ پہلے ہی کر لیا گیا تھا کہ اسپیکر کیلئے چوہدری پرویز الہٰی ہی امیدوار ہونگے۔ عمران خان نے تحریک انصاف اور اتحادیوں کیساتھ باہمی مشاورت کے بعد پرویز الہٰی کو اسپیکر پنجاب اسمبلی بنانے کا فیصلہ کیا ہے تحریک انصاف کے شاہ محمود قریشی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا ہے کہ تحریک انصاف نے گورنر پنجاب کیلئے چوہدری سرور کو نامزد کیا ہے جبکہ مشاورت کے بعد فیصلہ ہوا ہے کہ قومی اسمبلی میں سپیکر کیلئے خیبر پختونخواہ سے قومی اسمبلی کی نشست پر منتخب ایم این اے اسد قیصر تحریک انصاف کے امیدوار ہونگے۔
واضح رہے کہ ا س سے قبل سپیکر قومی اسمبلی کیلئے شاہ محمود قریشی کا نام لیا جا رہا تھا۔ رپورٹس کے مطابق شاہ محمود قریشی نے عمران خان کی خواہش پر وزیر خارجہ بننے سے انکار کر دیا تھا جبکہ وہ سپیکر قومی اسمبلی کے عہدے کیلئے بضد تھے۔