بھارت نے بھرپور پنچ لگاتے ہوئے انگلش ٹیم کو ناک آئوٹ کردیا ہے۔ پانچویں ٹیسٹ میں کرون نائر کی ٹرپل سنچری اور لوکیش راہول کے 199 رنز کے بعد آل رائونڈر رویندرا جدیجہ نے بھی بہتی گنگا میں ہاتھ دھوئے۔ انہوں نے کیریئر بیسٹ بولنگ کرتے ہوئے دوسری اننگز میں 48 رنز کے عوض7 اور میچ میں مجموعی طور پر 10وکٹیں حاصل کرکے ایک اننگز اور 75 رنز کی شکست انگلینڈ کا مقدر بنادی۔
کرون نائر کو میچ اور مجموعی طور پر 655 رنز بنانے والے بھارتی کپتان ویرات کوہلی کو سیریز کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ سیریز 4-0سے ہوم سائیڈ کے نام رہی۔ بھارت نے کوہلی کی قیادت میں مسلسل 18واں ٹیسٹ جیتا ہے۔ 483 رنزکے ہدف کا پیچھا کرتے ہوئے مہمان سائیڈ 207 رنز بنا کر ہی ڈھیر ہوگئی۔
بھارت نے پہلی اننگز میں اپنی تاریخ کا سب سے بڑا ٹوٹل 759 رنز حاصل کیا تھا۔ انگلینڈ نے اپنی پہلی اننگز میں 477 رنز بنائے تھے۔ دوسری اننگز میں میں اوپنرز کیٹن جیننگز 54، کپتان الیسٹر کک 49 اور معین علی 44 رنز کے ساتھ نمایاں رہے۔ سات بیٹسمین ڈبل فیگر میں بھی داخل نہ ہوسکے۔
میچ کے آخری دن انگلینڈ نے 12رنز بغیر کسی نقصان سے اپنی بیٹنگ دوبارہ شروع کی تو الیسٹر کک اور کیٹن جیننگز نے ٹوٹل کو103 رنز تک پہنچا دیا۔ کھانے کے وقفے تک کسی بھی وکٹ سے محروم نہ ہونے والی انگلش ٹیم یکے بعد دیگرے الیسٹر کک، کیٹن جیننگز، جو روٹ اور جونی بیئراسٹو سے محروم ہو گئی۔
معین علی اور بین اسٹوکس نے63 رنز کی شراکت قائم کی۔ لیکن جدیجا نے پہلے 44 رنز بنانے والے معین علی اور فوری بعد بین اسٹوکس کو پویلین لوٹا دیا۔ امیت مشرا اور امیش یادو نے لیام ڈائوسن اور عادل راشد کو آئوٹ کر کے اپنی ٹیم کو فتح کے مزید قریب پہنچا دیا۔ رویندرا جدیجا نے اسٹیورٹ براڈ اور جیک بال کو فارغ کرکے انگلش ٹیم کی بساط 207 رنز پر لپیٹ دی۔