پشاور: چیف جسٹس پاکستان جسٹس ثاقب نثار کے پشاور سپریم کورٹ رجسٹری آمد پر انصاف کی منتظر خاتون سپریم کورٹ رجسٹری پہنچ گئی اور دہائی دیتے ہوئے کہا کہ اسے انصاف فراہم کیاجائے۔
چیف جسٹس پاکستان ثاقب نثار کی آج پشاور سپریم کورٹ رجسٹری میں اہم مقدمات کی سماعت کیلئے آمد پر صوابی سے تعلق رکھنے والی خاتون سلمہ بھی سپریم کورٹ رجسٹری پہنچ گئی۔ سلمہ نے انصاف کی دہائی دیتے ہوئے کہا کہ میری بہن کو 4 سال پہلے حیات آباد میں گھر کے اندر قتل کیا گیا، پچھلے 4 سال سے انصاف کیلئے دربدر پھر رہی ہوں لیکن کہیں سنوائی نہیں ہوئی لہٰذا اب چیف جسٹس سے انصاف مانگنے آئی ہوں، چیف جسٹس مجھے انصاف فراہم کریں۔
واضح رہے کہ اس سے قبل چیف جسٹس کی لاہور سپریم کورٹ رجسٹری میں آمد کے موقع پر بھی معذور شخص نے چیف جسٹس کی گاڑی روک کر دہائی دیتے ہوئے کہا تھا کہ اس کی بہن کو اغوا کرلیا گیا ہے پولیس میری کوئی مدد نہیں کررہی لہٰذا چیف جسٹس مجھے انصاف دلائیں۔