لاہور: عمران خان این اے 53 میں ووٹ کاسٹ کرنے کے بعد لاہور آجائیں گے اور انتخابی نتیجہ زمان پارک میں سنیں گے، چیف جسٹس پاکستان مسٹر جسٹس میاں ثاقب نثار بھی 25 جولائی کو عام انتخابات کے موقع پر سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں موجود رہیں گے۔ وہ اس روز کوئی ہنگامی صورتحال پیش آنے پر مقدمات کی سماعت بھی کریں گے، 25 جولائی کو عام تعطیل کے باوجود انہوں نے اس روز سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں دستیاب رہنے کا فیصلہ کیا ہے۔
دریں اثناء وہ 23 جولائی سے 27 جولائی تک سپریم کورٹ رجسٹری لاہور میں ان کے زیرسماعت آنے والے مقدمات کی فہرست بھی جاری کردی گئی ہے۔ ان کے علاوہ مسٹر جسٹس آصف سعید خان کھوسہ کی سربراہی میں قائم 3 رکنی بنچ بھی 23 سے 27 جولائی تک سپریم کورٹ لاہور رجسٹری میں کام کرے گا۔ روسٹر کے مطابق بنچ نمبر ایک چیف جسٹس میاں ثاقب نثار، جسٹس عمر عطاء بندیال اور جسٹس اعجاز الاحسن پر مشتمل ہوگا جبکہ بنچ نمبر دو میں جسٹس آصف سعید خان کھوسہ، جسٹس منظور احمد ملک اور جسٹس منصور علی شاہ شامل ہوں گے۔
چیف جسٹس کی سربراہی میں قائم بنچ نمبر ایک ریلوے میں مبینہ خسارے، پنجاب کی 56 کمپنیوں میں مبینہ کرپشن، یونیورسٹیوں کے پرنسپل کی تعیناتیوں، کے ایل آئی میں مبینہ بے ضابطگیوں، سمبڑیال میں صحافی کے قتل اور ملک بھر میں فضائی آلودگی سے متعلق ازخود نوٹس کیسز کی سماعت کرے گا۔