اسلام آباد : وزیر اعظم نواز شریف نے چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس جواد ایس خواجہ کو خط تحریر کیا ہے جس میں انہوں نے چیف جسٹس سے سیکیورٹی لینے کی درخواست کی تاہم چیف جسٹس نے ایک بار پھر سیکیورٹی لینے سے انکار کردیا۔
وزیراعظم نوازشریف نے چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس جواد ایس خواجہ کو خط لکھا جس میں انہوں نے چیف جسٹس سے بلٹ پروف گاڑی نہ لینے کے فیصلے پر نظرثانی کرنے کی درخواست کی ہے۔ وزیراعظم نے خط میں چیف جسٹس سے درخواست کی کہ ملک میں اہم شخصیات کو سیکیورٹی خدشات ہیں جس کے پیش نظر انہیں بلٹ پروف گاڑی اور پروٹوکول رکھنا چاہئے۔
وزیراعظم نوازشریف کی جانب سے بھیجے گئے خط کے جواب میں چیف جسٹس پاکستان جسٹس جواد ایس خواجہ نے ایک بار پھر سیکیورٹی لینے سے انکار کردیا ہے۔ واضح رہے کہ چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس جواد ایس خواجہ نے حلف اٹھانے کے بعد بلٹ پروف گاڑی اور بھاری بھرکم پروٹوکول لینے سے انکار کردیا تھا۔