لاہور: گیلپ پاکستان کی جانب سے کئے گئے تازہ ترین سروے کے مطابق وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار اپنی شاندار کارکردگی کی بدولت وزیراعلی سندھ، خیبر پختونخواہ اور بلوچستان کے مقابلے بہترین قرار پائے گئے ہیں۔
عوامی رائے پر مبنی گیلپ کا تازہ ترین سروے، عثمان بزدار سب سے مقبول ترین وزیراعلی قرار، 37 فیصد عوام نے عثمان بزدار، 34 فیصد نے محمود خان، 30 فیصد نے جام کمال اور 27 فیصد نے مراد علی شاہ کے حق میں فیصلہ دیا۔ گیلپ پاکستان کی جانب سے عوامی رائے پر مبنی تازہ ترین سروے میں عوام سے سوال کیا گیا ہے کہ وہ کس صوبے کے وزیراعلی کی کارکردگی سے کتنا مطمئن ہیں۔ اس سوال کے جواب میں 37 فیصد عوام نے تحریک انصاف کے رہنما اور پنجاب کے وزیراعلی عثمان بزدار کو سب سے زیادہ بہترین، 34 فیصد عوام نے تحریک انصاف کے رہنما اور خیبرپختونخواہ کے وزیراعلی محمود خان کو دوسرا بہترین وزیراعلی قرار دیا۔ گیلپ سروے میں 30 فیصد عوام نے نے بلوچستان کے جام کمال کو تیسرا بہترین وزیراعلیٰ قرار دیا جبکہ عوام نے سب سے کم اعتماد سندھ کے وزیراعلی مراد علی شاہ پر کیا جنہیں صرف 27 فیصد عوام کی حمایت حاصل ہو سکی۔ دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا ہے کہ کھوکھلے نعرے لگانے والوں کو عوام الیکشن میں مسترد کر چکے ہیں۔یہ عناصر عوام میں اپنی ساکھ کھو چکےہیں۔ تحریک انصاف کی شفاف اور ایماندار قیادت ہی ملک کو آگے لے کر جائے گی۔
تفصیلات کے مطابق ویزر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار مخالفین پر برس پڑے۔ اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ شعبدہ بازوں نے نمائشی منصوبوں کے ذریعے صوبے کو کنگال کردیا۔ ماضی کے بوئے ہوئے کانٹے چن چن کر صاف کررہے ہیں۔ عثمان بزدار نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت نے نو ماہ میں صرف عوام کی خدمت کی ہے۔ ہماری کارکردگی عوام کے سامنے ہے۔ بولتے کم اور کام زیادہ کرتے ہیں جبکہ عوام کی خدمت کرنے آئے ہیں اور یہ مشن جاری و ساری رہےگا۔ وزیر اعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ نمائشی منصوبوں اور بلند و بانگ دعوؤں کی سیاست پر یقین نہیں رکھتے۔ تحریک انصاف کی شفاف اور ایماندار قیادت ہی ملک کو آگے لے کر جائے گی جبکہ لوٹ مار کرنے والوں کی سیاست کے دن گنے جا چکے ہیں۔ انہیں نوشتہ دیوار پڑھ لینا چاہیے کیونکہ پاکستان کے عوام باشعور ہیں۔