لاہور: وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے وفاقی وزیر داخلہ بریگیڈیئر (ر) اعجاز شاہ کی گورنرہاﺅس میں ملاقات ہوئی ، ملاقات میں صوبے میں امن و امان اورسکیورٹی کی صورتحال کو مزید بہتر بنانے کے حوالے سے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار سے وفاقی وزیر داخلہ بریگیڈیئر (ر) اعجاز شاہ نے گورنر ہاﺅس میں ملاقات کی، ملاقات میں صوبے میں امن و امان اورسکیورٹی کی صورتحال کو مزید بہتر بنانے کے حوالے سے اقدامات پر تبادلہ خیال کیا گیا،اس موقع پرصوبائی وزیر قانون محمد بشارت راجہ،چیف سیکرٹری، انسپکٹر جنرل پولیس، ایڈیشنل چیف سیکرٹری داخلہ اور پرنسپل سیکرٹری وزیراعلیٰ بھی موجود تھے۔ ملاقات میں امن و امان اور سکیورٹی کی صورتحال کی مزید بہتری کیلئے ہرممکن اقدام اٹھانے پر اتفاق کیا گیاجبکہ مذہبی منافرت پر مبنی لٹریچر کی اشاعت و تقسیم کرنے والوں کے خلاف کریک ڈاؤن کا فیصلہ کیا گیا
ملاقات میں فیصلہ کیا گیا کہ اشتعال انگیز تقاریر کرنے والوں کے خلاف بلاامتیاز کارروائی ہوگی، ملاقات میں امن عامہ کی بہتری کیلئے پنجاب اور وفاق کے درمیان مربوط کوآرڈینیشن پر اتفاق کیا گیا۔ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا کہ قانون ہاتھ میں لینے والے عناصر کے خلاف سخت کارروائی ہوگی،کسی کو قانون ہاتھ میں لینے کی اجازت نہیں دی جاسکتی،وزیراعلیٰ پنجاب نے کہا کہ صوبے میں قانون کی عملداری کو ہر قیمت پر یقینی بنایا جائے گا،عوام کے جان و مال کے تحفظ سے بڑھ کر کوئی ترجیح نہیں۔ انہوں نے کہا کہ پنجاب میں امن و امان کی صورتحال کومزید بہتر بنانے کیلئے ہر ضروری اقدام اٹھایا جائے گا،وزیراعلیٰ نے کہا کہ صوبے میں قبضہ مافیا کے خلاف بلاامتیاز آپریشن جاری رہے گا۔وفاقی وزیر داخلہ نے کہاکہ وفاقی وزارت داخلہ امن و امان کی صورتحال کے حوالے سے پنجاب حکومت کو سپورٹ کرے گی،میں پنجاب کے بعد دیگر صوبوں کے بھی دورے کروں گا۔