شہباز شریف نیب پر برس پڑے، آرمی اور عدلیہ پہلے ہی مضبوط خوداحتسابی عمل رکھتے ہیں
لاہور(یس اردو نیوز) وزیر اعلیٰ پنجاب شہباز شریف بھی نیب کی کارکردگی سے مطمئن نہیں ہیں۔ان کاکہنا ہے کہ یہ ادارہ مسلمہ طور پر کرپٹ اور ملکی خزانہ لوٹنے والے عناصر کا احتساب کرنے میں ناکام رہا ہے۔لاہور سے جاری ایک بیان میں شہباز شریف نے نیب کی کارکردگی پرعدم اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان میں کرپشن کے ناسور کو ختم کرنے کے لئے نیب کے دائرہ کار میں مزید توسیع کرنے کے بجائے ادارے میں اصلاحات لانے اور اسکی کارکردگی کو مزیدبہتر بنانے کی ضرورت ہے۔ان کا کہنا تھا کہ عدلیہ کے واضع احکامات کے باوجود کرپٹعناصر کے خلاف نیب کی طرف سے ایکشن نہ لینے کی مثالیں موجود ہیں۔شہباز شریف کا کہنا تھا کہ نیب کے دائرہ کار کو اعلی عدلیہ اور آرمی تک وسیع کرنے کی بجائے یہ ادارہ اپنا کام دیانت داری اور پسند نا پسند سے بالا تر ہو کر کرے۔ عدلیہ اور آرمی جیسے اداروں میں احتساب کا اپنا نظام اور طریقہ کار موجود ہے جس میں وقت کے تقاضوں کے مطابق بہتری لائی جا سکتی ہے۔