لاہور(ویب ڈیسک) وزیر اعلیٰ پنجاب کی دُہائی، عثمان بزدار نے وزیر اعظم سے کس کی شکایت کی ؟ نجی ٹی وی نیوز چینل کے پروگرام میں اہم انکشافات سامنے آگئے۔ سینئر صحافی وتجزیہ کار عمران یعقوب نے انکشاف کیا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان کی چیف سیکرٹری میجر اعظم سلیمان سے نہیں بن رہی،
ان کی آپس میں تلخ کلامی بھی ہوئی ہے۔ جی این این کے پروگرام ”ویو پوائنٹ “ میں واقفان حال کی خبر دیتے تجزیہ کار عمران یعقوب نے بتایا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کا خیال ہے کہ چیف سیکرٹری پنجاب اور آئی جی پنجاب ان پر مسلط کر دیے گئے ہیں۔ عمران یعقوب نے بتایا کہ عثمان بزدار نے گزشتہ روز وزیر اعظم عمران خان سے ملاقات میں چیف سیکرٹری کی شکایت لگائی اور کہا کہ میجر اعظم سلیمان ان کا کوئی حکم نہیں مانتے اور یہ پنجاب میں تحریک انصاف کے اندر دراڑ پیدا کر رہے ہیں۔
صحافی عمران یعقوب نے مزید انکشاف کیا کہ جن چار افسران کو وزیر اعلیٰ عثمان بزدار کے قریبی تعلقات اور مختلف وجوہات پر پنجاب بدر کیا گیا تھا ان کی فائل بھی تاحال وزیر اعلیٰ آفس میں پڑی ہے اور عثمان بزدار نے اس فائل پر دستخط نہیں کیے۔ تجزیہ کار ظفر ہلالی نے کہا کہ پی ٹی آئی میں اگر کسی ایک چیز پر اتفاق ہے تو وہ یہی ہے کہ بزدار بے کار ہے مگر عمران خان سمجھنے کو تیار نہیں اور ان کے دفاع کرنے کے لئے تیار ہیں، عمران خان کو اوپر سے پیغامات آتے ہونگے جو کسی کو سننے میں نہیں آرہے۔