ساؤ پالو: برازیل کے ایک فطین بچے نے آنکھوں پر پٹی باندھ کر رنگ برنگی خانوں والی روبک کیوب کا معمہ صرف ایک منٹ 44 سیکنڈ میں حل کرکے دنیا کو حیران کردیا۔
8 سالہ بچے نے الجھی ہوئی روبِک کیوب کو حل کرنے سے قبل غور سے دیکھا اور اس کی ترتیب یاد کرلی۔ اس کے بعد آنکھوں پر پٹی باندھی اور دوسرے شخص نے اس کے سامنے ایک کاغذ رکھا تاکہ وہ روبک کیوب اور اس کے درمیان ایک پردہ اور حائل ہوجائے۔اس کے بعد بچے نے تیزی سے اپنے جوہر دکھانے شروع کیے اور صرف ایک منٹ 44 سیکنڈ میں کیوب کے یکساں رنگوں کے خانے درست انداز میں مرتب کردیئے جب کہ اس منظر کو دیکھ کر بقیہ لوگ بھی حیران رہ گئے۔اس سے پہلے بھی اس بچے چین ہونگ کا نام ذرائع ابلاغ میں مشہور ہوا تھا جب اس نے 7 سال کی عمر میں صرف 8.72 سیکنڈ میں روبک کیوب کو ٹھیک کیا تھا۔ اس کے علاوہ 15 مئی 2016 کو اس نے صرف ایک ہاتھ سے روبک کیوب کو صرف 27 سیکنڈ میں درست کردیا تھا۔لیکن اس کی چھوٹی بہن بھی کسی جینیئس سے کم نہیں اس نے تین سال کی عمر میں صرف 47 سیکنڈ میں روبک کیوب سیٹ کرکے دنیا بھر سے داد لی تھی۔