پٹنہ (پریس ریلیز) بچوں کی اسلامی نہج پر تربیت اور ان میں اسلامی اقدار کی نشو نما کے لیے ا”شاہین چلڈرن سرکل”(جماعت اسلامی، پٹنہ) نے ایک شاندار پیش رفت کی ہے۔اس کے تحت آج یہاں مرکز اسلامی ،ٹکاری روڈ ،پتھر کی مسجد پٹنہ۔٦میں 5سے 10سال تک کے بچوں کے لیے ایک دلچسپ افتتاحی پروگرام منعقد کیا گیا۔
اس پروگرام میں پٹنہ شہر کے مختلف اسکولوں کے بچوں نے حصہ لیا۔ جماعت اسلامی، پٹنہ کے امیر مقامی مولانا رضوان احمد اصلاحی نے اپنی افتتاحی گفتگو میں”شاہین چلڈرن سرکل” کا تعارف پیش کرتے ہوئے کہا کہ موجودہ تعلیمی ماحول میں بچوں کی اسلامی نہج پر تربیت انتہائی ضروری ہے۔ انگریزی اور مشنریز اسکولوں میں پڑھنے والے بچے اسلامی قدریں بھول رہے ہیںکیونکہ ایک منصوبہ بند طریقے سے ان کی ذہن سازی کی جا ری ہے۔
ان درسگاہوں میں تعلیم حاصل کرنے والے بچے بہت تیزی سے اللہ اور اس کے رسول کی تعلیمات سے دور ہو رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بچوں کے اسلامی تشخص اور اس کی شناخت کو قائم رکھنا ہماری اولین ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ بچوں کے ذہنوں کی تعمیرکرنے کا اصل وقت یہی پانچ سے دس کی عمر ہے کیوں کہ رسول اللہ ۖ نے فرمایا کہ بچے اگر سات سال کے ہوجائیں تو انہیں نماز کی تلقین کرو اور دس سال کے ہوجائیں نماز نہ پڑھیں تو انہیں مارو”۔
رسول اللہ ۖ سے بڑھ کر بچوں کی نفسیات کو کون سمجھ سکتا ہے ۔آپ ۖ نے خود ہی سات سال اور دس کی عمر کا تعین کرکے بتایا کہ اس لیے اگراس عمر میں اسلامی نہج پر تربیت نہیں کی گئی تو مستقبل میں ان بچوں کی تربیت ایک مشکل کام بن جائے گا۔ مولانا رضوان احمد اصلاحی نے بتایا کہ ”شاہین چلڈرن سرکل” بچوں میں اسلامی اقدار کی بحالی کی ایک ادنیٰ کوشش ہے۔ اس کے تحت 5سے10سال تک کے بچوں کے لیے ہفتہ وار پروگرام منعقد کئے جائیں گے۔ جس میں مختلف اسکولوں کے بچے حصہ لیں گے۔ ان پروگراموں کا انعقاد فی الحال ہر اتوار کو صبح9:30بجے مرکز اسلامی ،ٹکاری روڈ میں ہوا کرے گا۔
انہوں نے کہا کہ ہماری یہ کوشش ہے اس پروگرام میں ان بچوں کو لایا جائے جو ایسے اسکولوں میں پڑھ رہے ہیں جہاں اسلامی ماحول میں تعلیم نہیں دی جاتی ہے۔ آج کے افتتاحی پروگرام میں پٹنہ شہر کے مختلف اسکولوں کے بچوں نے شرکت کی ۔ پروگرام کا آغاز الحراء پبلک اسکول، شریف کالونی کے طالب علم نے سورۂ فاتحہ کی تلاوت سے کیا جس کے بعد اسی اسکول کے بچوں نے اس کا اردو اور انگریزی ترجمہ پیش کیا۔ الحراء ،شریف کالونی کے علاوہ الحراء شاہ گنج، بیکن پبلک اسکول، نیو عظیم آباد کالونی پٹنہ،ہولی ویژن پبلک اسکول، سمن پورہ، پٹنہ اور القلم پبلک اسکول، عالم گنج، پٹنہ کے بچوں نے بھی پروگرام میں شرکت کی۔ اس پروگرام میںبچوں نے حدیث ،نعت، مسنون دعائیں اور ترانے پیش کیے۔
بچوں کوپروپروجیکٹر پر پانی کی اہمیت کے تعلق سے ایک پیغام رساں کارٹون بھی دکھایا گیا۔ پروگرام کے اختتام پر الحراء شاہ گنج کے بچوں نے کراٹے کا مظاہر ہ کیا۔ مولانا رضوان احمد اصلاحی نے بتایا کہ شاہین چلڈرین سرکل کے تحت ہونے والے اس ہفتہ وار پروگرام میں مختلف اسکولوں کے بچے حصہ لیں گے۔ ا س کے لیے اسکول کے ذمہ داران سے رابطہ کیا جائے گا۔ مولانا رضوان احمد اصلاحی نے”خدا ہے” کہ عنوان سے بچوں کو خطاب کیا اور بتایا کہ جس طرح انسان درد اور تکلیف کا احساس کرتا ہے۔
لیکن اسے دیکھ نہیں پاتا اسی طرح اللہ بھی نظر نہیں آتا ہے لیکن کائنات میں پھیلی بے شمار مخلوقات اس کے ہونے کا احساس دلاتی ہیں۔بچوں سے الحراء شریف کالونی کے ڈائرکٹر محمد انور نے بھی خطاب کیا۔ اس موقع پر مختلف اسکولوں کے ڈائرکٹر ، پرنسپل اور ذمہ داران علاوہ بچوں کے والدین اورشہر کے معروف سماجی اور مذہبی رہنماء موجود تھے۔ پروگرام کی نظامت کا فریضہ سرکل کے کنوینر سلمان غنی نے انجام دیا۔