راولپنڈی (ویب ڈیسک ) شہید کی جو موت ہے ، وہ قوم کی حیات ہے۔ یہ بات ہم نے بارہا سُنی ہو گی لیکن حقیقت تو یہ ہے کہ ایک فوجی جانباز اپنی جان قربان کر کے اپنے ملک و قوم کی حیات کا سامان تو کر جاتا ہے لیکن اس کے اہل خانہ جہاں اُس پر فخر کرتے ہیں
وہیں اُس کے نہ ہونے کا دُکھ ہر روز مناتے ہیں، روزمرہ کی زندگی میں شہید کے لواحقین اُسے بے حد یاد کرتے ہیں اور پُر نم ہوتے ہیں۔حال ہی میں سوشل میڈیا پر لیفٹننٹ کرنل راشد شہید کے بچوں کی ایک تصویر وائرل ہوئی جس نے سب کو اشکبار کر دیا۔ سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی لیفٹننٹ کرنل راشد شہید کے بچوں کی تصویر میں دیکھا گیا کہ بچے ایک تکیے کو پکڑ کر سو رہے ہیں جس پر لیفٹننٹ کرنل راشد کا بیج لگا ہوا ہے۔یہ کوئی عام تکیہ نہیں ہے بلکہ ان بچوں کی والدہ نے اپنے شہید شوہر کی وردی سے یہ تکیہ خصوصی طور پر اپنے بچوں کے لیے بنایا ہے تاکہ وہ اسے اپنے ساتھ رکھ کر اپنے والد کی موجودگی کا احساس کر سکیں۔اس تصویر میں بچے پُرسکون انداز میں اپنے والد کی وردی سے بنا ہوا یہ تکیہ اپنے ساتھ رکھ کر سو رہے ہیں جبکہ دونوں بچوں نے اس تکیے کے اُوپر اس طرح ہاتھ رکھا ہوا ہے جیسے اپنے والد سے لپٹے ہوں۔لیفٹننٹ کرنل راشد شہید کے بچوں کی یہ تصویر سوشل میڈیا پر ان کی بیوہ نے شئیر کی جس نے سوشل میڈیا صارفین کو اشکبار کر دیا۔ سوشل میڈیا صارفین نے یہ تصویر دیکھ کر نہ صرف قوم کے شہدا کو خراج تحسین پیش کیا بلکہ ان کے لواحقین سے اظہار یکجہتی بھی کیا۔اس تصویر پر معروف خاتون اینکر مہر بخاری نے کہا کہ یہ تصویر دیکھ کر میرا دل خون کے آنسو رو رہا ہے، اللہ ان بچوں اور ان جیسے اُن تمام بچوں کو اپنی حفظ و امان میں رکھے جنہوں نے اپنا فرض نبھاتے ہوئے جام شہادت نوش کیا۔ میں تمام بیواؤں اور بوڑھے والدین کو دل سے سلام پیش کرتی ہوں۔