چائنہ کٹنگ کیس میں نیب کی پھرتیاں، کراچی کے مختلف علاقوں سے تین کے ڈی اے ملازمین سمیت پانچ ملزموں کو دھر لیا۔
کراچی: چائنہ کٹنگ مافیا کے خلاف نیب شکنجہ کسنے لگا ہے۔ مختلف علاقوں میں چھاپے مار کر پانچ ملزموں کو دھر لیا گیا ہے۔ ترجمان نیب کے مطابق گرفتار ملزموں میں تین کے ڈی اے ملازم شامل ہیں۔ محمد جمن، اختر رشید اور ناصر حسین کا تعلق کے ڈی اے کے ریکوری ڈیپارٹمنٹ سے ہے جو جعلی چالان ٹرانسفر کرنے میں ملوث ہیں جبکہ باقی دو ملزم ادریس اور مشتاق نے کے ڈی اے ملازمین کے ساتھ مل کر غیرقانونی الاٹمنٹ کرائی۔ ملزمان نے چائنہ کٹنگ اور غیرقانونی الاٹمنٹ سے قومی خزانے کو ڈیڑھ ارب روپے کا نقصان پہنچایا۔ ملزمان نے تمام کارروائیاں گلستان جوہر میں کیں۔ جہاں تیس رفاہی پلاٹوں پر چائنہ کٹنگ کرکے دو سو چھیانوے پلاٹس بنا ڈالے۔ ترجمان نیب کے مطابق چائنہ کٹنگ کیس میں نو ملزمان نے ضمانت قبل از گرفتاری کرا لی ہے۔ دو ملزمان عدالتی تحویل میں اور سات ملزمان مفرور ہیں۔