اسلام آباد: چین پاکستان میں تعمیرو ترقی کے کئی منصوبوں پر کام کررہا ہے اور اب اس کی طرف سے یہاں ایک ایسی چیز تعمیر کرنے کا اعلان کر دیا گیا ہے کہ ہر پاکستانی خوشی سے جھوم اٹھے گا۔ چین نے اعلان کیا ہے کہ وہ خیبر ایجنسی میں دہشت گردوں کی کارروائیوں اور ان کے خلاف آپریشن میں تباہ ہونے والے سکولوں کی تعمیرنو کے لیے پاکستان کو 1 کروڑ 40 لاکھ ڈالر (تقریباً 2 ارب روپے) کی گرانٹ فراہم کرے گا۔ اس حوالے سے گزشتہ روز اکنامک افیئرز ڈویژن میں دونوں ملکوں کے مابین معاہدے پر دستخط بھی ہو چکے ہیں۔ اس موقع پر چینی سفیر یاﺅ ینگ اور سیکرٹری اکنامک افیئرز ڈویژن غضنفر عباس جیلانی بھی موجود تھے۔
رپورٹ کے مطابق یہ گرانٹ خیبرایجنسی کے علاقے باڑہ میں تباہ ہونے والے سکولوں کے لیے دی گئی ہے۔ اس علاقے میں دہشت گردی کے خلاف جنگ میں اب تک 68 سرکاری سکول مکمل طور پر تباہ ہو چکے ہیں۔ اس موقع پر چینی سفیر یاﺅ ینگ نے معاشی ترقی کے لیے اٹھائے جانے والے پاکستانی اقدامات کی تعریف کی اور کہا کہ چین مستقبل میں بھی ہر فورم پر پاکستانی حکومت کی معاونت جاری رکھے گا۔ واضح رہے کہ اکنامک افیئرز ڈویژن میں ہونے والی اس میٹنگ میں توانائی، انفراسٹرکچر، تجارت، سرمایہ کاری، زراعت، سیاحت، صحت، صنعت کاری اور دیگر کئی شعبوں تعاون کے فروغ کے حوالے سے بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔