بیجنگ: وزیراعظم نواز شریف کا کہنا ہے کہ چین نے مسئلہ کشمیر پر پاکستان کی حمایت کی ہے جو بات چیت سے مسئلہ کاحل چاہتا ہے۔
ایکسپریس نیوزکے مطابق بیجنگ میں وزیراعظم نوازشریف سے چینی صدرشی جن پنگ سے ملاقات ہوئی، ملاقات میں وفاقی وزرا اورچاروں وزرائے علیٰ نے بھی شرکت کی۔ ملاقات کے دوران وزیراعظم نے کہا کہ چین ہمارا اسٹرٹیجک پارٹنر ہے، سی پیک میں چین کی جانب سے 56 ارب ڈالر کی سرمایہ کاری ہوئی ہے، سرمایہ کاری کے مثبت اثرات نظر آئیں گے، سرمایہ کاری ہوگی تو انڈسٹری لگے گی روزگارملے گا اورسرمایہ کاری سے ترقی وخوشحالی آئے گی۔
وزیراعظم نے مزید کہا کہ وزرائے علیٰ کی موجودگی پاک چین کیساتھ تعلقات میں قومی یکجہتی کا اظہارہے، چین نے مسئلہ کشمیر پر پاکستان کی حمایت کی ہے اور مسئلہ کشمیرپر چین ہمارے ساتھ ہے وہ بھی بات چیت سے مسئلہ کاحل چاہتا ہے۔ اس سے قبل وزیراعظم نوازشریف نے اپنے چینی ہم منصب لی کی چیانگ سے ملاقات کی اورسی پیک سمیت دیگر امور پرتبادلہ خیال کیا، اس موقع پروزیراعظم نوازشریف نے بیلٹ اینڈ روڈ فورم کے انعقاد پرچین کے ہم منصب کومبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان بیلٹ اینڈ روڈ فورم کی مکمل حمایت کرتا ہے، اقتصادی راہداری کے لئے ہم سب ایک ہیں اورپاکستان سی پیک کی تکمیل کیلیے پُرعزم ہے۔ ملاقات کے بعد دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کے معاہدوں پردستخط بھی کئے گئے۔