اسلام آباد(ایس ایم حسنین) چین اور بھارت کے درمیان لداخ کے علاقے میں سرحدی کشیدگی بدستور برقرار ہے جبکہ دونوں ممالک کے درمیان مذاکرات کا آٹھواں دور بھی بے نتیجہ اختتام کو پہنچ گیا۔غیر ملکی نشریاتی ادارے کے مطابق چین اور بھارت کے مابین لداخ میں سرحدی کشیدگی کم کرنے کیلئے جاری مذاکرات کا آٹھواں دور اتوار کے روز بغیر کسی نتیجے کے ختم ہو گیا۔ بھارتی وزارت دفاع کے مطابق دونوں ممالک نے فرنٹ لائن پر صبر و تحمل کا مظاہرہ کرتے رہنے اور کشیدگی کم کرنے کے لیے مزید مذاکرات پر اتفاق کیا۔ لداخ کے علاقے میں دونوں ملکوں کے فوجی ہائی الرٹ ہیں۔ پینتالیس برس بعد جون میں دونوں ملکوں کے فوجیوں کے مابین جھڑپوں میں بیس بھارتی فوجی مارے گئے تھے۔ ایک بیان کے مطابق دونوں ہمسایہ ممالک فوجی اور سفارتی سطح پر مذاکرات جاری رکھیں گے۔