اسلام آباد(ایس ایم حسنین) آبادی کے لحاظ سے دنیا کے سب سے بڑے ملک چین میں مردم شماری کا آغاز کردیا گیا۔ چین میں سات ملین رضاکار دو ماہ میں مردم شماری سے متعلق ڈیٹا جمع کرینگے۔ غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق دنيا کے سب سے زيادہ آبادی والے ملک چين ميں آج سے نئی مردم شماری کا عمل شروع ہو گيا ہے۔ چين ميں ہر دس سال بعد ايک بار مردم شماری کی جاتی ہے۔ اس مردم شماری کے حتمی نتائج دو برس بعد تک متوقع ہيں۔ گزشتہ مردم شماری سن 2010 ميں کی گئی تھی۔ حکومتی اندازوں کے مطابق اس سروے ميں چين کی مجموعی آبادی گزشتہ مردم شماری کے مقابلے میں تقریباﹰ چھ فیصد اضافے کے ساتھ 1.42 بلين تک ہو سکتی ہے۔واضح رہے کہ چين ميں ايک عرصے تک ہر خاندان کو صرف ايک بچہ پيدا کرنے کی اجازت تھی مگر بيجنگ حکومت نے بعد میں اس قانون ميں نرمی کر دی تھی۔ حکام يہ بھی ديکھنا چاہتے ہيں کہ اس عمل سے گزشتہ برسوں کے دوران مجموعی قومی آبادی پر کيا اثرات مرتب ہوئے۔