اسلام آباد(نامہ نگارخصوصی) خطے میں بحری سیکورٹی کے استحکام کیلئے پاک بحریہ کی کاوشیں لائق تحسین ہیں۔ یہ بات حال ہی میں پاکستان میں سفارتی ذمہ داریاں سنبھالنے والے چینی سفیر نونگ رونگ نے پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل محمد امجد خان نیازی سے ملاقات میں کہی۔ترجمان پاک بحریہ کے مطابق چین کے نئے سفیر نونگ رونگ نے نیول ہیڈ کوارٹرز میں پاک بحریہ کے سربراہ ایڈمرل محمد امجد خان نیازی سے ملاقات کی۔ امیرالبحر نے چینی سفیر کو پاکستان میں نئی ذمہ داریاں سنبھالنے پر مبارکباد دی اوران کے لیے نیک خواہشات کااظہار کیا۔ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور اور خطے کی سیکیورٹی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ نیول چیف نے خطے کی بحری سیکیورٹی میں پاک بحریہ کے کردار پر روشنی ڈالی۔ چین کے سفیر نے خطے میں بحری سیکیورٹی کے استحکام کے لیے پاک بحریہ کی کاوشوں کو سراہا۔ فریقین نے دونوں دوست ممالک بالخصوص بحری افواج کے مابین خوشگوار تعلقات کو مزید فروغ دینے کے عزم کا بھی اعادہ کیا۔