اسلام آباد: وفاقی وزیر داخلہ احسن اقبال کا کہنا ہے کہ چین کے لوگ مہمان ہیں پاکستان کی ترقی میں حصہ لے رہے ہیں اور خلیجی ممالک میں پاکستانی محنت کشوں کے بھی بیسیوں جھگڑے ہوتے ہیں۔
اسلام آباد میں میڈیا سے بات کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ چین پاک اقتصادی راہداری اس صدی کا بہترین موقع ہے۔ اس پر دشمنوں کی نیندیں اڑی ہوئی ہیں، چین کے لوگ مہمان ہیں پاکستان کی ترقی میں حصہ لے رہے ہیں، جو بھی قانون ہاتھ میں لے گا اس کے خلاف کارروائی کی جائے گی لیکن خلیجی ممالک میں پاکستانی محنت کشوں کے بھی بیسیوں جھگڑے ہوتے ہیں۔
احسن اقبال نے کہا کہ دھرنے پاکستان کی ترقی اور عالمی تشخص کےخلاف ہیں، ختم نبوت کسی تحریک یا مولوی کا نہیں ہر مسلمان کا مسئلہ ہے، دشمن پاکستان کو مذہبی جنونیوں کے ملک کے طور پر پیش کر رہے ہیں، ہمیں پاکستان کو جنونی سیاست اور جنونی ریاست کی سازش سے بچانا ہےدشمن الیکشن کی فضا میں تشدد شامل کرنے کی کوشش کرے گا۔ سیاسی اور مذہبی جماعتیں سیاسی حرارت کو بے قابو نہ ہونے دیں، بیانات اور تقاریر میں ایک دوسرے کے خلاف نفرت سے گریز کریں۔