چینی شہری کا محبوبہ کو شہاب ثاقب دے کر شادی کا پیغام
بیجنگ: خواتین مردوں سے کبھی کبھی آسمان سے تارے توڑ لانے کا تقاضا کرتی ہیں لیکن چین میں ایک شخص نے اپنی محبوبہ کو شادی کا پیغام ایک 33 ٹن وزنی شہابِ ثاقب یا آسمانی پتھر کے ساتھ دیا جو اس نے ایک کروڑ 45 لاکھ پاکستانی روپوں میں خریدا۔
چین کے شہری لائی فیائی نے اپنی محبوبہ کو انگوٹھی پیش کی اور شادی کی درخواست کی لیکن خاتون کے ردِعمل سے پہلے ہی نوجوان کے ایک دوست نے عقب میں رکھے ایک بہت بڑے شہابی پتھر سے کپڑا ہٹا دیا جس میں اس آسمانی چٹان کو لپیٹا گیا تھا۔ یہ کوئی عام چٹان نہیں بلکہ خلا سے زمین پر آنے والا ایک آسمانی پتھر ہے جسے 10 لاکھ یوآن (145,000 ڈالر) یعنی ڈیڑھ کروڑ پاکستانی روپے میں خریدا گیا ہے۔
لائی فیائی ایک عرصے سے اس کی تیاری کررہا تھا جس مقصد میں وہ کامیاب ہوا اور لڑکی نے شادی کے لیے ہاں کردی۔ لائی کے مطابق وہ ایک سال قبل کاشغر گیا تھا اور معلوم ہوا کہ کسی مقامی باشندے کے پاس ایک بہت بڑا شہابی ٹکڑا ہے جس کا وزن 33 ٹن ہے۔ اگرچہ خاتون کو اس سے دلچسپی نہ تھی لیکن اصرار پر وہ ان کے ساتھ اس عجوبے کو دیکھنے چل پڑیں۔
اس واقعے کی ویڈیو پوری دنیا میں دیکھی گئی اور مشہور ہوئی ہے تاہم ماہرین نے اس چٹان کے خلائی پتھر ہونے پر شک کا اظہار کیا ہے۔ ایک ویب سائٹ کے مطابق چین سے جو دو بڑے شہابِ ثاقب ملے ہیں وہ 28 اور 25 ٹن کے ہیں جب کہ اس کے بارے میں دعویٰ کیا جارہا ہے کہ یہ 33 ٹن وزنی ہے۔