کراچی: پرانی سبزی منڈی کے قریب واقع عسکری پارک میں جھولا گرنے کے واقعے کی تحقیقات کیلیے چینی ماہرین کوطلب کرلیاگیا، ابتدائی رپورٹ تیارکرلی گئی ہے، پولیس ذرائع کا کہناہے کہ جھولا بولٹ کی جگہ سے شافٹ ٹوٹنے کی وجہ سے گرا، دوسری جانب پارک کے ٹھیکے دارنے کمشنرہاؤس میں اپنا بیان ریکارڈ کراتے ہوئے واقعے کو سازش قرار دیا ہے۔
اتوارکو یونیورسٹی روڈ پرانی سبزی منڈی کے قریب واقع عسکری پارک میں ڈسکوری رائڈ نامی جھولا گرنے کے واقعے کی ابتدائی رپورٹ تیارکرلی گئی ہے، پولیس ذرائع کا کہنا ہے کہ جھولا بولٹ کی جگہ سے شافٹ ٹوٹنے کے وجہ سے گرا اور شافٹ ٹوٹنے سے جھولے کی غراریاں سلپ ہوگئیں اوراس وجہ سے یہ افسوسناک حادثہ پیش آیا۔ دوسری جانب پارک کے ٹھیکے دار نے کمشنر ہاؤس میں اپنا بیان ریکارڈ کرا دیا ہے۔ پارک انتظامیہ کے ذرائع کا کہناہے کہ جھولے میں20 بڑے بولٹ لگے ہوئے تھے جسے رات میں کسی وقت لوز کیا گیا ہے۔
پارک انتظامیہ کے ذرائع نے خدشہ ظاہر کیا ہے کہ جھولے میں لگے بولٹ ایک سازش کے تحت ڈھیلے کیے گئے۔ انتظامیہ کے ذرائع کے مطابق پارک میں لگے جھولے چین سے درآمد کیے گئے تھے۔ چینی ماہرین کو بھی پاکستان بلا لیا گیا ہے۔ چینی ماہرین پاکستان انجیئرنگ کونسل کے ساتھ ملکر تحقیقاتی ٹیم کی معاونت کریں گے۔ پارک انتظامہ کے ذرائع کے مطابق انتظامیہ نے متاثرہ لڑکی کشف کے اہلخانہ سے رابطہ کیا اوران کے گھرجا کر تعزیت کی اورانھیں معاوضے کی پیش کی تاہم کشف کے اہل خانہ نے یہ کہہ کران کی پیشکش مستردکردی کہ ان کی بچی اب اس دنیا سے چلی گئی ہے۔
دریں اثنا پی آئی بی پولیس نے اتوار کی شب پرانی سبزی منڈی کے قریب واقع عسکری امیوزمنٹ پارک میں جھولا گرنے کا مقدمہ نمبر 123/18 بجرم دفعات 319 اور 337-H-i/34 کے تحت پارک کی انتظامیہ کے خلاف سب انسپکٹر اسلم جمال کی مدعیت میں درج کرلیا۔ اس حوالے سے پولیس کا کہنا ہے کہ جھولا گرنے سے 14 سالہ کشف دختر عبدالصمد جاں بحق جبکہ واقعے میں زخمی ہونے والوں کو سول، جناح اور لیاقت نیشنل اسپتال لیجایا گیا تھا ، جاں بحق ہونے والی نوعمر لڑکی کشف کے والد کا کہنا تھا کہ وہ وقت کی کمی کے باعث قانونی کارروائی نہیں کرانا چاہتے جس پر پولیس کو سرکاری مدعیت میں پارک انتظامیہ کے خلاف قتل خطا اور غفلت و لاپروائی کے تحت مقدمہ درج کرنا پڑا تاہم مقدمے میں کسی کو نامزد نہیں کیا گیا ہے ۔
درج کیے جانے والے مقدمے میں بتایا گیا ہے کہ انتظامیہ کی غیر معیاری جھولے کی تعمیر ، جھولے کی نامناسب دیکھ بھال اور انتظامیہ کی غفلت و لاپروائی کی وجہ سے جھولا ٹوٹ کر گرنے سے 14 سالہ کشف جاں بحق جبکہ دیگر افراد جن میں خواتین اوربچے بھی شامل ہیں زخمی ہوگئے تھے ، پی آئی بی پولیس نے مقدمے درج کر کے مزید تحقیقات کے لیے انویسٹی گیشن پولیس کے حوالے کر دیا ، اس ضمن میں کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آسکی۔