اسلام آباد (جیوڈیسک) چین کے صدر شی چن پنگ سے اپوزیشن جماعتوں کے رہنماؤں نے ملاقات کی اور چینی صدر کو پاکستان میں خوش آمدید کہا۔ چین کے صدرسے سب سے پہلے آصف زرداری کی قیادت میں شیری رحمان اور سینیٹر رحمان ملک نے ملاقات کی۔
پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین نے پاکستان کے ساتھ معیشت اور دیگر شعبوں میں معاہدے کرنے پرشی چن پنگ کا شکریہ ادا کیا۔ چینی صدر سے ملاقات کرنےوالے تحریک انصاف کے وفد میں عمران خان،شاہ محمود قریشی اور شیریں مزاری شامل تھیں۔ ایم کیو ایم کے رہنما فاروق ستار،اے این پی کے افراسیاب خٹک، بشریٰ گوہر، آفتاب شیرپاؤ، چوہدری شجاعت حسین،پرویز الہی، مولانا فضل الرحمان، سینیٹر طلحہ محمود اور لیاقت بلوچ نے بھی صدر شی چن پنگ سے ملاقات کی۔
چین کے صدر سے ملاقات میں ان رہنماؤں کا کہنا تھا کہ پاک چین اقتصادی راہ داری دونوں ممالک خصوصاً پاکستان کے مفاد میں ہے، اس سے پسماندہ علاقوں میں ترقی اور دہشت گردی سے متاثرہ علاقوں میں خوشحالی آئے گی۔
چین کے صدر نے کہا کہ وہ پاکستان اور چین کے درمیان تعلقات کو مزید وسعت دینا چاہتے ہیں۔ چینی صدر سے تمام سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں کی ملاقات کےلیے 10 منٹ رکھے گئے تھے۔