counter easy hit

چنیوٹ میں سونے، چاندی، لوہے اور تانبے کے ذخائر دریافت

Chiniot

Chiniot

چنیوٹ (یس ڈیسک) پنجاب کے شہر چنیوٹ کے علاقے رجوعہ سادات میں سونا، چاندی، تانبا اور خام لوہے کی صورت میں قیمتی دھاتیں دریافت ہوئی ہیں جن کی مالیت اربوں ڈالرز ہیں۔

قدرتی وسائل چین، جرمن، سوئس اور کینیڈین ماہرین کان کنی کی تکنیکی خدمات اور کوششوں سے حاصل ہوئے ہیں۔ چنیوٹ سے ملنے والے لوہے کے ذخائر کا تخمینہ 50 کروڑ ٹن لگایا گیا ہے۔

ابتدائی جائزے کے مطابق جیولوجیکل سروے سے تانبا کے بھی خاطر خواہ ذخائر ظاہر ہوئے ہیں۔ پنجاب نے عالمی شہرت یافتہ سائنسدان ڈاکٹر ثمر مبارک مند کی سربراہی میں پنجاب منرل ڈیویلپمنٹ کمپنی قائم کی تھی جن کو اس منصوبے پر کام کی ذمہ داری 2014ء میں سونپی گئی۔ 3 اپریل 2014ء کو چینوٹ میں ہونے والی تقریب میں پنجاب حکومت اور چینی کنسورشیم میٹالرجیکل کوآپریشن آف چائنا کے درمیان معاہدہ طے پایا۔

معاہدے کی رو سے چینی کمپنی 10 ماہ میں زمین کی تہہ میں موجود لوہے کے معیار اور مقدار کا حتمی تعین کرے گی جس کی رپورٹ کے بعد پنجاب میں ملکی لوہے سے چلنے والی پاکستان کی پہلی سٹیل مل کے قیام کی راہ ہموار ہوگی۔

علاقے میں ڈرلنگ کا کام نومبر 2014ء میں کیا گیا تھا جس سے حاصل کئے گئے نمونے دنیا بھر کی لیبارٹریوں میں تصدیق کے لئے بھیجے گئے تھے۔ اس حوالے سے ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم محمد نواز شریف نے عوام کیلئے خوشخبری کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے چنیوٹ سے سونے، چاندی، لوہے اور تانبے کے بے پناہ ذخائر دریافت ہوئے ہیں۔

انشا اللہ اب پاکستان سے غربت کا خاتمہ ممکن ہو سکے گا۔ وزیراعظم کا کہنا تھا کہ حکومت کے پاس وسائل ہوتے تو تین سال میں بجلی بحران کا خاتمہ کر دیتے۔ انشا اللہ ہمارے دور میں بجلی بحران کا مسئلہ حل ہو جائے گا جبکہ ملک میں گیس کی قلت اب ختم ہونے والی ہے۔

انہوں نے کہا کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی سے عوام کو فائدہ جبکہ حکومت کو نقصان پہنچا۔ عوام کے فائدے کیلئے اربوں روپے کا نقصان برداشت کر رہے ہیں۔ اس موقع پر تقریب سے خطاب میں وزیراعلیٰ پنجاب میاں محمد شہباز شریف نے کہا کہ اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے کشکول توڑنے کا وقت آ گیا ہے۔

آج ہم قوم کیلئے بہت بڑی خوشخبری لائے ہیں۔ ہم لوہا تلاش کرنے نکلے تھے لیکن اللہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے سونے کے ذخائر مل گئے۔ معدنیات کا ٹھاٹھیں مارتا سمندر عوام کو خوشحالی دے گا۔

وزیر اعلیٰ نے کہا کہ ماضی میں ہم اپنی کرتوتوں کی وجہ سے کشکول نہیں توڑ سکے لیکن انشا اللہ اب کشکول نہیں بلکہ تانبا اور سونا لے کر دنیا کے پاس جائیں گے۔ یہ منصوبہ پاکستان سے غربت اور جہالت کا خاتمہ کر دے گا۔