چترال : وادی چترال میں شدید بارشوں کے باعث آنے والے سیلابی ریلے نے شدید تباہی مچا دی۔ چترال کے گاؤں بروز میں 40 سال کی خاتون اپنی ڈیڑھ سال کی پوتی کے ہمراہ سیلابی ریلے میں بہہ گئی۔
خاتون کی لاش دروش کے مقام پر دریائے چترال سے مل گئی جبکہ بچی کی لاش کی تلاش جاری ہے۔ متعددمکانات، دکانیں اور ایک گاڑی سیلابی ریلے کی نظر ہو گئے۔
نہروں اور پانی پائپ لائنوں کا نظام بھی درہم برہم ہونے سے علاقے میں پانی کی شدید قلت پیدا ہو گئی ہے اور ہزاروں ایکٹر اراضی پر مشتمل کھڑی فصلیں بھی تباہ ہو گئیں۔ بروز گول کے مقام پرسیلابی ریلے کے باعث مرکزی روڈ بند ہے۔
شوغور کے مقام گرم پانی کے چشمے کو بھی نقصان پہنچا جس سے پانی کی فراہمی بند ہو گئی۔ چترال سکاؤٹس، پولیس اور لیویز نے ہنگامی طور پر امدادی کارروائیوں کا آغاز کر دیا ہے جبکہ مقامی رضاکار بھی امدادی سرگرمیوں میں مصروف ہیں۔