پیرس(عمیر بیگ) آج سفارت خانہ پاکستان فرانس نے سفارتخانہ میں کرسمس کے موقع پرعشائیہ کا اہتمام کیا جس میں پاکستانی کرسچن کمیونٹی کے علاوہ مذہبی رہنما، فرانس کے پارلیمنٹیرین، اعلی حکومتی عہدیداران، سول سوسائٹی کے نمائندوں اور میڈیا کے نمائندوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ اس موقع پر معزز خطاب کنندہ نے حضرت عیسی علیہ السلام کی تعلیمات پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ وہ دنیا کو یہ پیغام دینا چاہتے ہیں کہ یہ دن دنیا کیلئے امن و سلامتی کا نمونہ ہے۔ جو بھائی چارے اور ایک دوسرے کی عزت و وقار اور محبت کا درس دیتا ہے۔
جناب فرانسسکو پپونی جو کہ فرانس پاکستان دوستی گروپ کے صدر اور فرانسیسی قومی اسمبلی کے رکن ہیں اس تقریب کے مہمان خصوصی تھے نے خطاب میں پاکستانی کمیونٹی کے کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستانی کمیونٹی فرانس میں ایک ذمہ دار شہری کے طور پر اپنے فرائض ادا کر رہی ہے۔ انہوں نے یہ امید بھی ظاہر کی کہ آنے والے دنوں میں فرانس اور پاکستان کے درمیان باہمی تعلقات مزید بہتر ہونگے۔
اس موقع پر سفیر پاکستان جناب معین الحق نے حاضرین تقریب اور ان کے خاندان کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اقلیتوں کے حقوق کی حفاظت کیلئے مکمل طو رپر کوشاں ہے۔ انہوں نے کہا کہ عیسائی برادری پاکستان کی ترقی میں برابر کے شہریوں کے طو رپر اپنا حصہ ادا کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اسلام تمام مذاہب کے پیروکاروں کی عزت کا درس دیتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ آج کل کے مشکل حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے مذاہب کے درمیان مذاکرات کی ضرورت پر بھی زور دیا تاکہ ہاہمی عزت و احترام کو قائم رکھا جائے۔
پاکستانی کرسچن کمیونٹی کے رہنماؤں نے اپنی تقریروں میں کہا کہ حضرت عیسی علیہ السلام کی ولادت کے دن کو منانے کا مقصد دنیا کو امن اور محبت کا پیغام دینا ہے۔ انہوں نے سفارتخانہ پاکستان کا تہہ دل سے شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے اس دن کی مناسبت سے اپنے سفارتخانہ میں تقریب کا انعقاد کیا۔ اس موقع پر کرسمس کا خصوصی کیک بھی کاٹا گیا۔ اس موقع پر نوجوان بچوں نے اپنا ثقافتی کردار بھی پیش کیا جسے حاضرین محفل نے بہت پسند کیا۔