counter easy hit

روہنگیا مسلمانوں پر مظالم کیخلاف شہر شہر مظاہرے

لاہور: میانمار میںروہنگیا مسلمانوں پر مظالم کے خلاف مختلف شہروں میں دینی و سیاسی جماعتوں اور وکلا نے احتجاجی مظاہرے کیے اور ریلیاں نکالیں.

City city demonstration against brutalism on Rohingya muslimsلاہور میں دفاع پاکستان کونسل، جماعۃالدعوۃ اور ملی مسلم لیگ نے میانمار میں مسلمانوں کے قتل عام کے خلاف چوبرجی چوک میں احتجاجی مظاہرہ کیا، صدرملی مسلم لیگ مولانا سیف اللہ خالد، این اے 120 سے حمایت یافتہ امیدوار قاری یعقوب شیخ و دیگر نے کہا کہ میانمار سے سفارتی تعلقات منقطع کیے جائیں اور وہاں سے اپنے سفیر کو واپس بلایا جائے۔ میانمار کی فوج اور بدھسٹ دہشت گرد مظالم سے باز نہیں آتے تو پاکستان ، ترکی اوردیگر مسلم ممالک اپنی فوج وہاں داخل کریں، شرکا نے میانمار کی فوج، بدھسٹ دہشت گردوں اور بھارت و امریکا کے خلاف شدید نعرے بازی کی،تحریک لبیک یا رسول اللہؐ کے زیر اہتمام داتا دربار سے پنجاب اسمبلی تک مارچ کیا گیا، مرکزی امیر علامہ خادم حسین رضوی اورتحریک لبیک یا رسول اللہؐ کے سرپرست اعلیٰ پیرافضل قادری نے کہا کہ فساد، دہشت گردی اور ظلم وستم کا واحد علاج جہاد فی سبیل اللہ ہے، لاہور میں وکلا نے ہائیکورٹ سمیت ماتحت عدالتوں میں ہڑتال کی اور احتجاجی مظاہرہ کیا، اسلام آباد میں وکلا نے عدالت عظمیٰ سے پارلیمنٹ ہائوس تک احتجاجی ریلی نکالی، ممتاز قانون دان اکرام چوہدری نے کہا کہ11ستمبرکو روہنگیا مسلمانوں کے قتل عام کیخلاف بڑا احتجاج کیا جائے گا۔

راولپنڈی ہائیکورٹ اور ڈسٹرکٹ بار ایسوسی ایشنز نے بھی مسلمانوں کی نسل کشی کے خلاف گزشتہ روز مکمل ہڑتال کی اور بطور سوگ عدالتوں کا بائیکاٹ کیا اور9 ستمبر کو اسلام آباد میں برما کے سفارتخانہ کے سامنے مظاہرہ کرنے کا اعلان کیا، صدر ہائیکورٹ بار ظفر مغل نے روہنگیا مسلمانوں کی مالی امداد کیلیے کیمپ لگانے کا اعلان کیا، اپنے خطاب میں صدر سجاد عباسی، سیکریٹری عرفان نیازی و دیگرنے کہا کہ امت مسلمہ اورحکومت اس قتل عام کا سخت نوٹس لے، کوٹ رادھاکشن میں بار ایسوی ایشن کے وکلا نے ہڑتال کی اور احتجاجی ریلی نکالی، قبولہ میں تحصیل بار ایسوسی ایشن نے کچہری میں احتجاج کیا، حیدرآباد میں بھی مختلف سیاسی، سماجی تنظیموں اور وکلا نے احتجاج کیا۔

خیبر پختونخوا بار کونسل نے میانمار میں قتل عام کیخلاف آج پورے صوبے میں عدالتی بائیکاٹ کا اعلا ن کیا۔ پریس کلب پنڈی گھیب نے کمیٹی چوک تا ہائی اسکول چوک تک احتجاجی ریلی نکالی۔ آزاد جموں وکشمیربھر کی بار کونسلز آج ہڑتال اور عدالتوں کا مکمل بائیکاٹ کریں گی، وائس چیئرمین آزاد جموں وکشمیر بارکونسل شوکت کیانی نے کہا کہ اقوام عالم کی مجرمانہ خاموشی پر سوالیہ نشان ہے، قصور میں پاکستان فلاح پارٹی نے اظہارِ یکجہتی میانمار مسلم ریلی نکالی جس میں کارکنان اور شہریوں نے بھرپور شرکت کی، اوکاڑہ میں بھی پاکستان فلاح پارٹی نے جامع مسجد سے پریس کلب تک ریلی نکالی۔