کراچی: پاکستانی مدر ٹریسا کا خطاب پانے والی معروف جرمن سماجی کارکن ڈاکٹررتھ فاؤ کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے سول اسپتال کراچی کو ان کے نام سے منسوب کرنے کا اعلان کیا ہے۔
ایکسپریس نیوز کے مطابق پاکستان میں جرام ( کوڑھ) کے مرض کے خلاف جدوجہد کرنے والی مدرٹریسا معروف جرمن سماجی کارکن ڈاکٹر رتھ فاؤ کو پورے سرکاری اعزاز کے ساتھ گورا قبرستان کراچی میں سپرد خاک کردیا گیا ہے۔ ڈاکٹررتھ فاؤ کی آخری رسومات میں تینوں مسلح افواج کے سربراہان، گورنر سندھ اور وزیراعلیٰ سندھ سمیت ملک کی ممتاز سیاسی و سماجی شخصیات نے شرکت کی۔ اس موقع پر ڈاکٹررتھ فاؤ کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے اعلان کیا کہ سول اسپتال کراچی کو ڈاکٹررتھ فاؤ کے نام منسوب کیا جائے گا۔ مراد علی شاہ نے چیف سیکرٹری سندھ کو فوری طور پر نوٹی فکیشن جاری کے احکامات جاری کرتے ہوئے کہا کہ ڈاکٹررتھ فاؤ ناصرف سندھ بلکہ پورے پاکستان کا فخر ہیں۔