فیصل آباد: پاکستان مسلم لیگ ن کے وفادار رہنما رجب علی بلوچ انتقال کر گئے۔ ان کی موت کینسر کے باعث ہوئی۔ وہ فیصل آباد کے حلقہ این اے 78 سے منتخب رکن قومی اسمبلی تھے۔ ان کی نماز جنازہ پر ن لیگی قیادت کی جانب سے کوئی بھی نہ آیا۔
کنجوانی ضلع فیصل آباد سے ن لیگ کے رکن قومی اسمبلی رجب علی بلوچ نے قیادت سے وفاداری کی ایسی مثال قائم کی تھی کہ انسان دنگ رہ جاتا ہے۔رجب علی بلوچ کینسر کی آخری سٹیج پر تھے جب وہ ہسپتال سے سے سیدھا قومی اسمبلی آئے تاکہ وہ نواز شریف کو ووٹ کاسٹ کر سکے۔ حکمران جماعت سے تعلق رکھنے والے رجب علی بلوچ کینسر کی بیماری کی وجہ سے گزشتہ روز انتقال کر گئے، مرحوم کی نمازجنازہ ان کے آبائی گاﺅں 455 گ ب کنجوانی میں ادا کی گئی۔ لیکن ان کے نماز جنازہ میں نہ تو نواز شریف نے اور نہ شہباز شریف نے شرکت کی۔ نواز شریف بونیر میں جلسہ کرنے گئے تو چھوٹے میاں صاحب خانیوال میں فیتا کاٹنے چلے گئے۔یہی نہیں جنازہ میں فیصل آبا د کی قیادت بھی شریک نہ ہوئی نہ تو رانا ثنااللہ آئے اور نہ ہی عابد شیر علی آئے۔ جنازہ میں مقامی لوگوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی، علاقہ کے لوگوں نے اپنے منتخب کیے ہوئے نمائندہ کو منوں مٹی تلے دفن کردیا۔ جنازہ کے دوران ہر کوئی ن لیگی قیادت سے بے رخی اور بدلحاظی کا ذکر کرتا رہا۔