اسلام آباد (ویب ڈیسک) وفاقی وزیرمملکت برائے انسداد منشیات شہریار آفریدی نے اعتراف کیا ہے کہ گلی محلوں میں آئس و کرسٹل جیسی منشیات پھیل رہی ہیں اور اسکولوں و کالجوں سمیت دیگر اداروں میں منشیات عام ہے، ملک سے منشیات کے ناسور کا خاتمہ ضرور کریں گے۔
تفصیلات کے مطابق پارلیمنٹ ہاؤس میں قائمہ کمیٹی اجلاس کے بعد ذرائع ابلاغ سے بات چیت میں انہوں نے تسلیم کیا کہ اگر منشیات فروشی کی بات ہورہی ہے تو وہ درست ہے۔ ایک سوال پران کا کہنا تھا کہ پورے ملک میں اینٹی نارکوٹکس فورس کی کل تعداد صرف دو ہزار 900 ہے جو انتہائی ناکافی ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ صرف اے این ایف تنہا منشیات پر قابو نہیں پا سکتی ہے۔ وفاقی وزیر شہریار آفریدی نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان کے ویژن کے مطابق اینٹی نارکوٹکس فورس کو مزید مضبوط کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس وقت اے این ایف، اے ایس ایف اور کسٹم مل کر کام کررہے ہیں۔ زیراعظم کی ہدایت پرچار ماہ قبل جب شہریار آفریدی نے وزارت نارکوٹکس کنٹرول کا چارج سنبھالا تھا تو اس وقت انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ’ٹوئٹر‘ پر جاری کردہ اپنے پیغام میں کہا تھا کہ پاکستان کو منشیات سے پاک کرنے کے لیے تمام وسائل بروئے کار لائیں گے۔ انہوں نے دعویٰ کیا تھا کہ منشیات فروخت کرنے والوں کے خلاف ملک بھر میں کریک ڈاؤن ہوگا۔ ان کا کہنا تھا کہ منشیات کا تعلق براہ راست ہمارے مستقبل اور نوجوان نسل سے ہے۔ چار ماہ قبل یہ وزارت وفاقی وزیر علی محمد مہر کی وفات کے بعد خالی ہوئی تھی۔